مسلح شخص کی مختلف مقامات پر فائرنگ ‘22 افراد ہلاک

,

   

60 زخمی ، امریکی ریاست مینے میں رابرٹ کارڈ نامی شخص نے دہشت مچادی

واشنگٹن :امریکی ریاست مینے میں مسلح شخص کی جانب سے مختلف مقامات پر فائرنگ کے واقعات میں 22 افراد ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوگئے۔امریکی میڈیا کے مطابق لیوسٹن شہر میں ملزم نے پہلے بولنگ کلب میں فائرنگ کی جس سے 10افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ بعد ازاں مسلح ملزم نے مقامی بار اور والمارٹ ڈسٹریبوشن سنٹر پر بھی فائرنگ کرکے وہاں موجود لوگو ں کو نشانہ بنایا۔امریکی میڈیا کے مطابق پولیس نے ملزم کی تصویر جاری کردی ہے جو کہ خودکار رائفل تھامے ہوئے ہے، ملزم کی شناخت رابرٹ کارڈ کے نام سے ہوئی تاہم حملے کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ملزم کی گرفتاری تک اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ادھرحکام کی جانب سے علاقے میں تمام کاروبار بند کرنے کی ہدایت دینے کے علاوہ ریاست کے ہاسپٹلس میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق لیوسٹن 37 ہزار آبادی پر مشتمل شہر ہے اور پورٹ لینڈ کے شمال میں واقع ہے۔