مسلسل انتخابی ضابطہ کے نفاذ سے ترقیاتی کام ٹھپ

   

ریتو بندھو چیکس ، بتکماں ساڑیوں کی تقسیم کے علاوہ افتتاحی و سنگ بنیاد تقاریب پر بھی پابندی

نظام آباد ۔3 جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میں انتخابات کے قواعد کے نفاذکے پیش نظر الیکشن کمیشن نے واضح طور پر احکامات جاری کرتے ہوئے بتکماں کی ساڑیاں ، رعیتو بندھو چیکس کی تقسیم اور دیگر پالیسیوں کے اعلان پر پابندی عائد کی ہے جس کے باعث ضلع میں ترقیاتی کام دوبارہ متاثر ہونے کے امکانات ظاہر ہورہے ہیں ۔ واضح رہے کہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے 6 ؍ ستمبر سے 15؍ ڈسمبر تک انتخابی قواعد کو نافذ کیا تھا اسمبلی انتخابات کے قواعد کی برخواست کے بعد اب دوبارہ گرام پنچایت انتخابات کیلئے قواعد کی عمل آواری شروع ہوگئی ہے جس کی وجہ سے دیہی سطح پر ملک کے میونسپل کے علاقوں میں بھی ضابطہ اخلاق کی عمل آوری کی جائے گی ۔ میونسپل کارپوریشن اور بلدیہ جات میں ماہانہ اجلاس منعقد کیا جاسکتا ہے لیکن کوئی بھی پالیسی کی عمل آوری نہیں کی جاسکتی ہے ۔ افتتاحی تقاریبات اور سنگ بنیاد کی تقریب پر بھی پابندی عائد ہوتی ہے ۔ ضلع میں ضابطہ اخلا ق کے پیش نظر ترقیاتی کام متاثر ہونے کے امکانات نظرآرہے ہیں اور ضلع میں چیک پوسٹ قائم کرتے ہوئے گاڑیوں کی تلاشی شروع کی جارہی ہے عام انتخابات کی طرح اس انتخابات میں بھی 50 ہزار سے زائد رقم ساتھ نہیں لے جایاسکتا ہے ۔ دیہاتوں میں بلامقابلہ امیدواروں کے انتخابات پر بھی نظر رکھی جارہی ہے ۔ عام طور پر بلا مقابلہ انتخابات پر نقد رقم کی بولی لگائی جاسکتی ہے لہذا پولیس کو اس پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ضابطہ اخلاق کی وجہ سے ضلع میں پھر ایک مرتبہ ترقیاتی کام متاثر ہورہے ہیں ۔ گرام پنچایت انتخابات کے بعد پارلیمانی انتخابات کیلئے بھی اعلامیہ جاری کرنے کے امکانات ظاہر ہورہے ہیں اس طرح مسلسل ضابطہ اخلاق کی وجہ سے ترقیاتی کام مکمل طور پر ٹھپ ہوتے جارہے ہیں ۔