مسلسل بارشوں سے موسمی امراض کے پھیلنے کے امکانات

   

پیرا میڈیکل عملے کو پوری طرح مستعد رہنے کی ہدایت

سدی پیٹ، 15 اکتوبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)مسلسل بارشوں کے باعث موسمی بیماریوں کے پھیلنے کے امکانات ہیں، اس لیے فیلڈ میں کام کرنے والے پیرامیڈیکل عملے کو پوری طرح چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے، یہ بات ضلع میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر دھن راج نے بتائی۔ ڈی ایم ایچ او دفتر میں پیرامیڈیکل اسٹاف کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں انہوں نے شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مادر و طفل صحت پروگرام کے تحت ہر ہیلتھ سنٹر کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ حاملہ خواتین کا اندراج 12 ہفتوں کے اندر کیا جانا چاہیے، ہر حاملہ خاتون کے چار باقاعدہ چیک اپس لازمی طور پر کرائے جائیں۔ہائی رسک (High Risk) حاملہ خواتین پر خاص توجہ دی جائے اور انہیں مکمل سہولتوں والے اسپتالوں تک پہنچایا جائے۔تمام پرائمری ہیلتھ سنٹروں میں نارمل ڈیلیوریوں کی تعداد بڑھانے پر زور دیا گیا۔ سی سیکشن ڈیلیوریوں کو کم کرنے کے لیے مناسب منصوبہ بندی کی جائے۔ فیلڈ میں کام کرنے والی آشا کارکن اور ہیلتھ ورکرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ حاملہ خواتین کی خصوصی نگرانی کریں، بچوں کی نشوونما اور صحت کی خدمات کے لیے انہیں ہیلتھ آفیسر کے پاس لے جائیں تاکہ تمام ضروری ٹیسٹ کیے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح محفوظ زچگیاں ممکن ہوں گی اور مادری و نوزائیدہ اموات کو روکا جا سکے گا۔تمام بچوں کو 100 فیصد حفاظتی ٹیکے لگانے کی ہدایت دی گئی۔گھریلو دورے کے دوران عملہ مختلف صحت کے مسائل کی نشاندہی کرے اور ضرورت مندوں کو فوری علاج فراہم کرے جبکہ دیگر مریضوں کو ہیلتھ سنٹر بھیجے۔انہوں نے کہا کہ تمام صحت پروگراموں کی کارکردگی بہتر بناتے ہوئے 100 فیصد پیش رفت حاصل کی جائے۔مچھر سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی روک تھام کے لیے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے اور پانی کو آلودہ ہونے سے بچانے کے لیے عوام میں بیداری پیدا کی جائے۔ہر جمعہ اور منگل کو ‘‘ڈرائی ڈے’’ منانے کی ہدایت دی۔او پی/آئی پی (OP/IP) مریضوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے اور ہیلتھ اسٹاف ہمیشہ عوام کے لیے دستیاب رہے اور وقت کی پابندی کرے۔اس اجلاس میں پروگرام آفیسر، ڈپٹی ڈی ایم ایچ او ڈاکٹر ریوَتی، ڈاکٹر سرینواس، ڈاکٹر ارون کمار، ڈاکٹر سریکانت یادَو، ڈیمو نویِن راج کمار، اور انچارج ڈی پی ایچ این جَیَمّا نے شرکت کی۔