حیدرآباد13۔جولائی ( یواین آئی ) مسلسل بارش کی وجہ سے تلنگانہ کے اضلاع کھمم اور بھدرادری کوتہ گوڑم کی کانوں میں کوئلہ کی پیداوار مکمل طور پر رک گئی ہے ۔ بارش کی وجہ سے ورک ایریا میں مشنری پر کام کرنا مشکل ہو گیا۔ سرنگوں میں سڑکیں متاثر ہونے سے جگہ جگہ گاڑیاں رک گئیں اوران دونوں اضلاع میں کوئلے کی پیداوار رک گئی ہے ۔ کوتہ گوڑم میں تین کانوں میں 15,000 ٹن، منوگورکے علاقہ کی کانوں میں 15,000 ٹن اور ایلندو علاقہ میں دو کانوں میں 7,000 ٹن کوئلے کی پیداوار متاثر ہوئی ہے ۔ مسلسل بارش کی وجہ سے دوسری شفٹ میں بھی کوئلے کی پیداوار میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے ۔ سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ کے عہدیداروں نے کہا کہ اگر آج رات بارش کم ہوجاتی ہے تو جمعہ کی صبح سے کوئلے کی پیداوار معمول کے مطابق شروع ہوجانے کے امکانات ہیں۔ مزید بارش کی صورت میں پیداواری سرگرمیاں متاثر ہونے کے بھی خدشات ہیں۔