اپنے علاقوں میں صفائی کو یقینی بنانے کی اپیل
جی ایچ ایم سی سے مچھرکش ادویات کا چھڑکاؤ
حیدرآباد۔27جولائی (سیاست نیوز) ریاست میں گذشتہ چند یوم سے جاری مسلسل بارش اور سرد موسم کے سبب وبائی امراض پھوٹ پڑنے کے خدشات کے تحت تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں محکمہ صحت اور مقامی بلدیات نے عوام میں شعور اجاگر کرنے کی مہم کا آغاز کردیا ہے اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاقو ںمیں جی ایچ ایم سی کی جانب سے مچھر کش ادویات کا چھڑکاؤ یقینی بنایا جارہا ہے ۔ مسلسل بارش اور سرد موسم کے نتیجہ میں وبائی امراض کے خدشات کے تحت اپنے اپنے علاقوں میں صفائی کو یقینی بنانے کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ کچہرے کی فوری نکاسی کے علاوہ پانی کو جمع ہونے نہ دیں کیونکہ پانی جمع ہونے کے نتیجہ میں مچھروں کی افزائش کا سلسلہ شروع ہوتا اور ان میں ڈینگو کے مچھر بھی پائے جانے لگتے ہیں جو کہ وبائی امراض کی بنیادی وجہ بنتے ہیں۔ اس کے علاوہ بارش کے موسم میں کچہرے کی عدم نکاسی بھی مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا سبب بنتی ہیں اسی لئے زیادہ وقت تک کچہرے کو رکھنے کے بجائے اس کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدارو ںنے بستی دواخانوں میں خدمات انجام دینے والے عملہ کو متحرک رہنے کے علاوہ مریضوں کی تشخیص اور ادویات کی تجویز کو بہتر انداز میں انجام دینے کی تاکید کی اور کہا کہ مریضوں کا ریکارڈ تیار رکھتے ہوئے ان کی دوبارہ آمد پر علاج کے اثر کی رپورٹ بھی تیار کی جائے گی تاکہ شہر میں پائے جانے والے وبائی امراض کا مکمل ریکارڈ محکمہ کے پاس محفوظ رہے۔م