مسلسل بارش کے باوجود کچرے کی عدم نکاسی

   

کئی علاقوں میں انبار پڑے ہیں۔ وبائی امراض کا اندیشہ
حیدرآباد۔ شہر میں موسم مسلسل کے سبب کئی علاقوں میں کچرے کی نکاسی نہیں ہورہی ہے جس سے کئی رہائشی علاقوں میں بدبو و تعفن کی صورتحال پیدا ہوچکی ہے ۔ کچرے کی نکاسی نہ ہونے سے شہر میں وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوچکا ہے ۔ اگر کچرے کی نکاسی کا فوری آغاز نہیں کیا گیا تو شہر میں وبائی امراض پھوٹ پڑسکتے ہیں۔کورونا وباء کے دور میں کچرے کی عدم نکاسی کے سبب شہر میں مچھروں کی افزائش اور بارش کے دوران بدبو و تعفن دیگر کئی امراض کے پھیلنے کا سبب بن سکتا ہے۔ماہراطباء کا کہناہے کہ بلدیہ کو بارش میں صفائی کا خصوصی خیال رکھنے کے علاوہ مچھر کش ادویات کے چھڑکاؤ میں تیزی پیدا کرنی چاہئے لیکن ایسا نہ کرنے سے وبائی امراض میں اضافہ ہوسکتا ہے۔جی ایچ ایم سی سے یومیہ اساس پر کچہرے کی نکاسی نہ کئے جانے کے سبب کئی رہائشی علاقوں کے علاوہ مصروف سڑکوں پر کچرے کے انبار دیکھے جانے لگے ہیں لیکن کوئی پرسان حال نہیں ہے۔پرانے شہر کے علاوہ نئے شہر سے یومیہ پر کچرے کی نکاسی عمل میں لانے والے آٹو گذشتہ تین یوم سے نظر نہیں آرہے ہیں ۔تعفن نے کئی سڑکوں پر راہگیروں کا گذرنا مشکل کردیا ہے ۔بلدی حکام کا کہناہے کہ بارش سے کچرے کی نکاسی میں مشکلات کے سبب کم عملہ خدمات انجام دے رہا ہے لیکن جلد ہی کچرے کی نکاسی کی جائے گی۔