مسلسل بارش کے نتیجہ میں ریاست بھر میں 12,214 چھوٹے تالاب لبریز

,

   

حیدرآباد۔ گذشتہ پانچ دنوں سے جاری مسلسل بارش نے ریاست میں گوداوری طاس کے 12,214 چھوٹے تالابوں کو لبریز کردیا ہے اور یہاں پانی کا بہاو بہت زیادہ ہے ۔ یہ چھوٹے تالاب 14 اضلاع میں ہیں۔ تفصیلات کے بموجب 2,379 تالاب 75 تا 100 فیصد لبریز ہوچکے ہیں جبکہ 1,858 تالابوں میں 50 تا 75 فیصد تک پانی آگیا ہے ۔ 1,658 تالابوں میں 25 تا 50 فیصد پانی جمع ہوگیا ہے ۔ 2,002 تالاب ایسے ہیں جہاں 25 فیصد تک پانی جمع ہوا ہے ۔ ضلعی سطح کی تفصیل کے مطابق عادل آباد میں 458 تالاب ہیں جن میں 337 لبریز ہوگئے ہیں اور یہاں اضافی پانی جمع ہوگیا ہے ۔ اس کے علاوہ 116 تالاب ایسے ہیں جہاں 75 سے 100 فیصد تک پانی جمع ہوگیا ہے ۔ کمارم بھیم ضلع میں 363 تالاب ہیں جن میں 63 تالابوں میں پانی ان کی سطح سے زیادہ ہوگیا ہے جبکہ 87 تالاب 75 تا 100 فیصد تک لبریز ہوچکے ہیں۔ اسی طرح دوسرے اضلاع میں بھی تالابوں کی سطح آب مکمل ہوچکی ہے اور وہ اضافی پانی کا اخراج عمل میں لا رہے ہیں۔