آپریشن سندور کی کامیابی پر کورٹلہ میں ریالی، ہندوستانی فوج کی جرأتمندی کو سلام
کورٹلہ 10 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آپریشن سندور کی کامیابی پر مسلمانان کورٹلہ میں جشن کا ماحول دیکھا گیا۔ شہر کورٹلہ میں مسلمانوں نے آپریشن سندور کی غیرمعمولی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جمعہ کو بعد نماز عصر کار کا چوک پر جمع ہوئے۔ مسلمانان کورٹلہ اپنے ہاتھوں میں قومی پرچم تھامے ہوئے تھے۔ پاکستان مردہ باد، پاکستان مردہ باد، ہندوستان زندہ باد، انڈین آرمی زندہ باد کے نعرے لگارہے تھے۔ کرنل صوفیہ قریشی اور ونگ کمانڈر دیویکا سنگھ 2 خاتون آفیسرس کی بہادری اور جرأت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ اِن دو خواتین نے ہندوستانی افواج کی طاقت اور عزم کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ دونوں خواتین پر سارے ملک کے عوام کو فخر ہے۔ صوفیہ قریشی بین الاقوامی ملٹری ایکسرسائز کی قیادت کرنے والی پہلی خاتون آفیسر ہیں۔ ان دونوں خاتون آفیسرس کو اس وقت ملک کی بہترین ونگ کمانڈرس میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر کی گئی اپنی تقریر میں جناب عبدالنعیم نائب صدر کانگریس پارٹی کورٹلہ ٹاؤن، محمد انور صدیقی صدر مائناریٹی رپورٹرس ویلفیر اسوسی ایشن نے کہاکہ آپریشن سندور کی کامیابی پر سارے ہندوستانیوں کو فخر ہے۔ سرحد پار دہشت گردی کے خلاف کامیاب آپریشن پر ہندوستانی افواج کی جرأت مندی اور بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انھوں نے ہم سارے ہندوستانی مسلمان اپنے عزیز ملک جو ہمیں اپنی جان سے بھی زیادہ عزیز ہے، ہم اس ملک کی حفاظت اور دفاع کے لئے ہمیشہ تیار ہیں کیوں کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت ہماری مذہبی اور قومی ذمہ داری ہے۔ ہمارے مسلح افواج ملک کی سلامتی کیلئے اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر ملک کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ہمارا ملک ہندوستان امن و شانتی کا گہوارہ ہے یہاں ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی و دیگر طبقات سب مل جل کر رہتے ہیں۔ اس پروگرام میں بی آر ایس پارٹی قائدین جناب حفیظ الدین بابا، جناب عتیق، جناب اسلم، جناب امتیاز، صدر ایم آئی ایم جناب محمد رفیع، کانگریس پارٹی قائدین مسرس محمد وسیم، عبدالرحیم، عبدالقیوم صحافی، مکرم، شجاعت علی، سید انس، عبدالرب، عبدالمصور، یونس، باری، مجاہد، مجیب کے علاوہ نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔