یو پی کے ایم ایل اے کا ویڈیو وائرل ۔ بی جے پی کی جانب سے نوٹس وجہ نمائی کی اجرائی
گورکھپور 28 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) اترپردیش کے دیوریا ضلع میں برہج حلقہ کے بی جے پی رکن اسمبلی سریش تیواری نے آج ایک ویڈیو کلپ میں عوام سے کہا کہ وہ مسلمان تاجروں سے ترکاری نہ خریدیں۔ اس ویڈیو کلپ کو سوشیل میڈیا پر کافی وائرل کیا گیا ہے اور اس پر تنازعہ پیدا ہوگیا ہے ۔ کلپ میں سریش تیواری کو یہ کہتے ہوئے دیکھا اور سنا جاسکتا ہے کہ میں بہت واضح کہہ رہا ہوں کہ مسلمانوں سے ترکاری نہ خریدی جائے ۔ ایک چیز دھیان میں رکھئے گا ۔ میں بول رہا ہوں کھلے عام ۔ کوئی بھی میاں ( مسلمان ) کے ہاتھوں سبزی نہیں لے گا ۔ جب رکن اسمبلی سے اس تعلق سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ 17 یا 18 اپریل کو عوام میں سینیٹائزر اور ماسک تقسیم کر رہے تھے ۔ کچھ لوگ ان کے پاس آئے اور تبلیغی عوام کی جانب سے کورونا پھیلائے جانے کی شکایت کی ۔ میں نے ان سے کہا کہ وہ ایسے لوگوں سے جھگڑا نہ کریں اور نہ قانون اپنے ہاتھ میں لیں بلکہ سیدھے طریقے سے ان سے سبزی نہ خریدیں تاکہ وائرس سے بچا جاسکے ۔ اس دوران دہلی سے موصولہ اطلاع میں کہا گیا ہے کہ بی جے پی نے رکن اسمبلی کے اس ویڈیو کا سخت نوٹ لیا ہے اور انہیں نوٹس وجہ نمائی بھی جاری کردی ہے ۔ ان سے کہا گیا ہے کہ وہ اس طرح کے ریمارکس پر اندرون ایک ہفتہ جواب داخل کریں۔ پارٹی نے کہا کہ پارٹی صدر جے پی نڈا رکن اسمبلی کے اس بیان سے ناراض ہیں اور انہوں نے فوری کارروائی کی ہدایت دی ہے جس پر رکن اسمبلی کو نوٹس جاری کردی گئی ہے ۔
