رمضان میں جماعت اسلامی کی جانب سے مختلف اجتماعات و فلاحی خدمات ، کارکنان سے اظہار تشکر
بھینسہ 3/مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بھینسہ جماعت اسلامی کی جانب سے ایک صحافتی بیان جاری کرتے ہوئے الیاس احمد راحل امیر مقامی و مبین احمد ناظم شعبہ خدمت خلق بھینسہ نے اپنے مشترکہ بیان میں بتایا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران معززین شہر اور اہل ثروت و اہل خیر حضرات کی جانب سے جماعت اسلامی شہر بھینسہ کا بھرپور تعاون رہا ۔ اللہ تعالی کی مدد اور ان مخیر حضرات کے تعاون سے جماعت اسلامی کے ارکان و کارکنان نے شہر کی سطح پر مختلف ملی سماجی اور خدمت خلق کے کام انجام دیئے۔ ماہ رمضان المبارک کے ابتداء میں 70 خاندانوں میں فی کس 26 کیلو چاول کی تقسیم عمل میں لائی گئی اور عید سعید کے موقع پر فطرے 30 ہزار پانچ سو کی رقم شہر کے مستحقین و بیوہ خواتین تک کے جملہ 60 خاندانوں میں مالی امداد پہنچائی گئی اور عید سے قبل30 یتیم بچوں میں نئے کپڑوں کی تقسیم عمل میں لائی گئی تاکہ وہ بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہو سکے۔ اس کے علاوہ خصوصی اعانتوں کے ذریعہ ضرورت مندوں ،مریضوں اور مستحقین کی مالی مدد کی گئی یہ اور اس طرح کے مختلف کام شہر کے اہل خیر حضرات کے تعاون سے الحمدللہ تکمیل کو پہنچے۔ اس موقع پر ناظم شعبہ خدمت خلق جماعت اسلامی بھینسہ مبین احمد نے شہریان بھینسہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آئندہ بھی اسی طرح اہل خیر حضرات کے تعاون کی امید ظاہر کی اور کہا کہ جماعت اسلامی بھینسہ کی جانب سے رمضان المبارک کے مہینے میں مختلف پروگرام جیسے” استقبال رمضان ” معرکہ بدر یوم الفرقان” قرآن کا پیغام۔جیسے عنوانات پر عام اجتماعات کے ذریعے ملت اسلامیہ اور خصوصا نوجوانان ملت میں اسلامی شعور کو اجاگر کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی۔مزید برآں شعبہ خواتین جماعت اسلامی کی جانب سے شہر کے مختلف 8 مقامات پر سماعت قرآن کی محفلیں منعقد کی گئی ترجمہ قرآن کے نسخے تقسیم کئے گئے جس سے سینکڑوں خواتین نے استفادہ کیا وہیں طلبہ تنظیم ایس آئی او اور مقامی جماعت کی جانب سے مرکز جماعت اسلامی بھینسہ محمد علی خان مسجد میں طاق راتوں کا اہتمام کیا گیا جس میں نوجوانوں کی رہنمائی کے لیے خصوصی اجتماعات کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔امیر مقامی جماعت اسلامی بھینسہ الیاس احمد راحیل نے تمام ارکان و کارکنان کی جانب سے ان تمام حضرات سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے رمضان المبارک کے دوران اپنے زکوہ ،صدقات ،اور خصوصی اعانتوں کے ذریعے جماعت اسلامی کا فراخدلانہ تعاون کرتے ہوئے شہر کی مستحق بے سہارا بیواؤں اور یتیموں کی بروقت مدد کی۔