مسلمانوں کو اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کا مشورہ

   

Ferty9 Clinic

ظہیرآباد میں منعقدہ جلسہ سے مولانا حامد محمد خاں و دیگر کا خطاب

ظہیرآباد۔ جماعت اسلامی ہند ظہیرآباد کے شعبہ اسلامی معاشرہ کے زیر اہتمام خطاب عام بعنوان ’’موجودہ حالات میں مسلمان کیا کریں؟‘‘ کل شام اسلامک سنٹر لطیف روڈ ظہیرآباد پر منعقد ہوا۔ جس کی صدارت امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ مولانا حامد محمد خان نے کی۔ انہوں نے اپنے صدارتی بیان میں کہا کہ ہمارا ملک ہمہ مذہبی کثیر لسانی ملک ہے۔ یہاں کئی ایک مسائل ہیں فسطائی طاقتیں حکمراں ہیں۔ عدالتیں انصاف کے لئے بے بس ہیں اور مسلمان بے وزن ہوگئے ہیں۔ تمام ازم ناکام ہو چکے ہیں۔ موجودہ حالات میں تمام مسائل کا حل اسلام میں موجود ہے۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ مسلمان تجدید ایمان کریں۔ ایمان میں تازگی لائیں دینی شعور بیدار کریں۔ دین کا صحیح فہم و شعور حاصل کریں۔ اللہ کے خوف کی بنیاد پر شخصیت کی تعمیر کریں۔ اولاد کی تعلیم و تربیت پر دھیان دیں۔ مسلم پرسنل کی حفاظت کریں۔ شادی بیاہ کو بھی دین کا حصہ سمجھیں۔ رسم و رواج کی غلامی سے باز آجائیں۔ مساجد کو فلاحی مراکز بنائیں۔ پروگرام کا آغاز برادر محمد عدنان کی تلاوت و ترجمانی سے ہوا۔ امیر مقامی جماعت اسلامی ہند ظہیرآباد محمد ناظم الدین غوری نے خیرمقدمی کلمات ادا کئے۔ ناظم ضلع سنگاریڈی مولانا امجد حسین پٹیل نے بھی خطاب کیا۔ نظامت معاون امیر مقامی محمد معین الدین نے کی جبکہ اظہار تشکر مقامی سکریٹری شعبہ اسلامی معاشرہ محمد قیصر غوری نے پیش کیا۔ اس موقع پر مرد و خواتین کی کثیر تعداد موجود تھی۔