مسلمانوں کو بلڈوزر چلا کر دہشت زدہ کیا جارہا ہے : پیس پارٹی

   

پرتاپ گڑھ ۔ حکومت کی منشاء کے بموجب اب انتظامیہ بھی مسلمانوں کو استحصال کرنے سے پیچھے نہیں ہے ،وہ معمولی سے معمولی معاملوں میں مسلمانوں کے مکانوں و مدارس پر بلڈوزر چلا کر یہ احساس دلا رہے ہیں ،کہ اگر سر اٹھایا تو کچل دیا جائے گا ،اب آئین ہند نہیں بلکہ غیر اعلانیہ آر ایس ایس کے آئین کو نافذ کر مسلمانوں کو دہشت زدہ کرنے کا کام کیا جا رہا ہے ۔پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے میڈیا کو جاری بیان میں مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر ایوب سرجن نے ضلع پرتاپگڑھ کے تھانہ ماندھاتہ علاقہ کے منیہوں مشر پور گاوں میں مسلم طبقے کے قاتلانہ حملے کے ملزمان و کانپور کے مدارس کو بغیر کسی عدالتی حکم کے غیر قانونی طریقے سے انتظامیہ کے ذریعہ منہدم کرانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اب بی جے پی حکومت و انتظامیہ نے جو مسلمانوں کے خلاف مہم شروع کی ہے ،اس کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے ،یہ ملک سبھی کا ہے ،اور آئین نے سبھی کو مساوی حقوق دیا ہے ،لیکن حکومت آئین کو بالائے طاق رکھ کر تاناشاہی پر آمادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی جرم کرتا ہے ،تو اس کو سزا قانون کے بموجب عدالت دے گی ،حکومت و انتظامیہ کو یہ حق حاصل نہیں ہے ،کہ وہ کسی کو سزا دے ،لیکن اب یہاں آئین ہند کی کوئی اہمیت نہیں رہ گئی ہے ۔