غربت کے خلاف لڑائی میں کامیابی کیلئے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنا ناگزیر، چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوٹ کا خطاب
جئے پور۔ چیف منسٹر راجستھان اشوک گہلوٹ نے کہا کہ مسلمانوں کو ترقی کی اصل صف میں لانے کیلئے خصوصی کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ غربت کے خلاف لڑائی کو اگر کامیاب بنانا ہے تو تمام طبقات کے افراد کو یکجا کرنا وقت کا تقاضہ ہے۔ اقلیتی اُمور و وقف بورڈ کی جانب سے چیف منسٹر کی رہائش گاہ پر منعقدہ ورچیول تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اشوک گہلوٹ نے کہا کہ ملک میں اقلیتوں کے ساتھ آج تک جو کچھ رویہ رکھا گیا، اس سے غربت کے خلاف لڑائی میں موثر کامیابی نہیں مل رہی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ریاست کے مختلف اضلاع میں 18.75 کروڑ روپئے کی لاگت سے تعمیر کردہ 8 عمارتوں کا افتتاح کیا اور 3.8 کروڑ روپئے کی دو عمارتوں کیلئے سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ترقیاتی کام اقلیتی طبقہ کیلئے صحت اور تعلیم میں بنیادی سہولتوں کو وسعت دینے کے مقصد میں کامیابی کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوں گے۔ ان سہولتوں میں توسیع کے ساتھ ہی مسلم اکثریتی آبادی والے علاقوں میں رہنے والے افراد کو تعلیم اور صحت خدمات کا استفادہ ملے گا۔ اشوک گہلوٹ نے کہا کہ ریاستی حکومت راجستھان کے تمام علاقوں میں تعلیم اور صحت کی سہولتوں کی ضرورت کے مطابق وسائل فراہم کررہی ہے۔ بعض علاقوں میں تعلیم کے شعبہ میں اقلیتی طبقہ بہت پیچھے ہے۔ ریاستی حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ ان علاقوں میں تعلیم کو مسلمانوں تک پہنچانے کے لئے زیادہ سے زیادہ انتظامات کرے۔ ریاستی حکومت نے اس سمت میں اہم اقدامات کئے ہیں۔ راجستھان اسٹیٹ مدرسہ بورڈ کو دستوری موقف بھی دیا گیا ہے۔
مدرسہ بورڈ اب عصری تعلیم تک مسلمانوں کی رسائی کو یقینی بنانے کے لئے کوشش کرے گا۔ وزیر اقلیتی اُمور ایس محمد نے چیف منسٹر اشوک گہلوٹ سے اظہار تشکر کیا کہ انہوں نے مدرسہ بورڈ کو دستوری موقف عطا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی ہدایت کے تحت ہی ریاست کے اقلیتی آبادی والے مختلف علاقوں میں ہاسٹلس اور ہیلتھ سنٹرس جیسی خدمات فراہم کی جائے گی۔ کئی مقامات پر مسلم نوجوانوں کیلئے اِسکل ڈیولپمنٹ ٹریننگ پروگرام بھی منعقد کئے جائیں گے۔ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے اور ہنرمند ہونے کے خواہاں نوجوانوں کو قرض کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا تاکہ وہ اپنے بل پر روزگار حاصل کرسکیں۔