کرماگوڑہ میں گورنمنٹ اسکول عمارت کا افتتاح، محمد محمود علی وزیرداخلہ کا خطاب
حیدرآباد۔18اگست(سیاست نیوز) وزیرداخلہ محمد محمودعلی نے کہاکہ کسی بھی قوم کی ترقی کے لئے تعلیم ضروری ہے ‘ بالخصوص مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ تعلیمی میدان میں آگے بڑھیں‘ سیول سرویس تلنگانہ امتحانات میں حصہ لینا شروع کریں‘ آئی اے ایس اور آئی پی ایس بن کر ملک او رملت کی خدمت کریں۔تاریخ اس بات کی شاہد ہے کہ تعلیم یافتہ اقوام کبھی زوال پذیر نہیںہوتی ہیں۔ جناب محمد محمودعلی آج صبح سنتوش نگر گورنمنٹ بوائز اسکول کرما گوڑہ کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب سے مخاطب تھے جس میں ڈپٹی مئیربابا فصیح الدین کے علاوہ اسمبلی حلقہ ملک پیٹ کے ٹی آر ایس اور مقامی کارپوریٹس کے علاوہ ٹی آر ایس قائدین نے شرکت کی ۔ تقریب کی کاروائی ڈی ای او حیدرآباد نے چلائی۔ تقریب کا آغاز قرات کلام پاک سے ہوا۔ اس موقع پر جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ حکومت بالخصوص چیف منسٹرکے چندرشیکھر رائو اقلیتوں کی تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے موثر اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اقلیتوں کے لئے اقامتی اسکولوں کے جال بچھانے کاکارنامہ چیف منسٹر کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس موقع سے تلنگانہ کی مسلم اقلیت کو استفادہ کرتے ہوئے اپنے ماضی کا احیاء عمل میںلانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ جب وہ وزیرمال تھے انہوں نے نہ صرف اسکول کے لئے اراضی کا انتظام کیابلکہ اس کی تعمیر کے لئے 2.55کروڑ روپئے کی اجرائی بھی عمل میںلائی ۔ جناب محمدمحمودعلی نے کہاکہ پانچ کروڑ کے صرفہ سے اسکول کی تعمیر مکمل ہوگئی ہے اور مستقبل میںضرورت پڑنے پر عمارت میں مزید منزلیں بھی تعمیر کی جائے گی اور یہاں پرجونیر کالج بھی قائم کیاجائے گا۔ انہوں نے اسکول انتظامیہ کوتاکید کی کہ وہ مادری زبان کے علاوہ تلگو اور انگریزی زبانوںکی طرف بھی بچوں کو راغب کرائیں۔انہوںنے کہاکہ تلگوعلاقائی اور انگریزی بین الاقوامی زبان ہے جس پر عبور بچوں کے بہتر مستقبل میںمددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
