ہنمنت راؤ کا الزام ، بی جے پی انضمام کو مذہبی رنگ دے رہی ہے
حیدرآباد۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ کرناٹک اور مہاراشٹرا ریاستوں میں 17 ستمبر کی تاریخ کو سرکاری طور پر منایا جاتا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کے سی آر حکومت سے سوال کیا کہ انضمام حیدرآباد کا دن سرکاری طور پر منانے میں کیا اعتراض ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جدوجہد کے دوران کے سی آر نے کانگریس حکومت سے 17 ستمبر سرکاری طور پر منانے کا مطالبہ کیا تھا لیکن اقتدار میں آتے ہی مسلمانوں کو خوش کرنے کیلئے انہوں نے یو ٹرن لے لیا ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ کے سی آر موقع پرستانہ سیاست کر رہے ہیں اور وہ کسی طرح اقتدار پر برقرار رہنا چاہتے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ انضمام کی تاریخ سے نوجوان نسل کو واقف کرانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ مسلح جدوجہد میں بی جے پی کا کوئی رول نہیں ہے ۔ کانگریس اور کمیونسٹ قائدین نے مل کر یہ جدوجہد کی تھی۔ ہنمنت راؤ نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی انضمام حیدرآباد کے دن کو سیاسی اغراض کے لئے استعمال کر رہی ہے اور سماج کو مذہب کی بنیاد پر توڑنا چاہتی ہے۔ انہوں نے نلا ملا کے جنگلاتی علاقوں میں یورانیم کیلئے کھدائی کے مسئلہ پر کے سی آر پر تنقید کی اور کہا کہ حکومت دہرا معیار اختیار کر رہی ہے۔ ایک طرف اسمبلی میں قرار داد منظور کی گئی جبکہ خود حکومت نے کھدائی کیلئے سروے کی اجازت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں جو یورانیم کی کھدائی کے ذریعہ عوام کی زندگیوں سے کھلواڑ کرنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کانگریس دیگر اپوزیشن قائدین کے ساتھ اس مسئلہ پر متحدہ جدوجہد جاری رکھے گی۔