مسلمانوں کو خوف کے ماحول سے نکالنا محمود احمد اور قمرالاسلام کا اہم کارنامہ

   

Ferty9 Clinic

نوجوانوں کو بلند حوصلہ رکھنے کی تلقین ، گلبرگہ کے پہلے مسلم میئر کی یادگار برسی تقریب سے رکن اسمبلی کنیز فاطمہ کا خطاب

گلبرگہ : یہ سال1973و 1974کی باتیں ہیں جن سے آج کا نوجوان واقف نہیں ہے ۔ خصوصیت کے ساتھ میں ملت کے نوجوانوں کو بتانا چاہتی ہوںکہ الحاج قمر الاسلام ، محمود صاحب اور ان کے ساتھی بہت کم عمر تھے ۔ خمار قریشی اور بدر مہدی کو چھوڑ کرمحمود احمد ، قیصر محمود منیار ، خالد سعید ، حمید ڈابر ، علیم احمد، حکیم شاکر ، حامد اکمل ، اکرام باگ ، خورشید وحید یہ سارے حضرات بیاچلر تھے ۔ یہ نوجوان ایک انقلابی تحریک ، مضبوط عزائم اور مصمم ارادوںکے ساتھ اٹھے تھے ۔ اس وقت مسلمانوںمیں خوف کا ماحول تھا ، بازار ، شہر کے گلی کوچوں اور محلوں میںاپنے آپ کو لوگ محفوظ نہیں سمجھتے تھے ۔ شہر میں جہاںکہیں چھوٹا سا بھی واقعہ ہوتا مسلمان خوف سے اپنے گھروں میں بند ہوجاتے ۔ لیکن قمر الاسلام صاحب اور محمود احمد صاحب نے لوگوںمیںایسا جوش و جذبہ بھرنا شروع کردیا کہ شہر کے حالات بدلنے لگے اور شہر گلبرگہ کے مسلمان نہایت آزادی کے ساتھ شہر کے گلی کوچوں ، سڑکوں اور بازاروں میں بلا خوف و خطر گھومنے پھرنے لگے ۔ ان خیالات کا اظہار کنیز فاطمہ قمر الاسلام رکن اسمبلی گلبرگہ شمالی نے 27جولائی کو نیا محلہ گلبرگہ میں جناب محمود احمد کی برسی کے ضمن میں منعقدہ یادگاری جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوںنے کہا کہ قمر الاسلام اور محمود احمد نے آپ لوگوں کو جو حوصلہ دیا اس کا نتیجہ یہ ہے کہ آپ لوگوں نے مجھ جیسی خاتون کو ووٹ دیکر رکن اسمبلی بنادیا ۔ در اصل میری یہ کامیابی آپ لوگوںکی دلیری اور بلند حوصلوںکی جیت ہے۔ انھوں نے کہا کہ محمود احمد ایک ذہین اور دور اندیش ہونے کے ساتھ ساتھ تنظیمی صلاحیتوںکے مالک تھے ۔ آج کی نئی نسل کے لئے وہ ایک علامت اور ایک مثال ہیں ۔ آج کے نوجوان بھی بلند ارادہ کرلیں تو وہ بھی قوم و ملت کے لئے نئے راستے ہموار کرسکتے ہیں ۔ قمر الاسلام اور محمود احمد نے اپنی لگن ، جستجو ، ملت کا درد ، سوز و فکر سے یہی کام کیا اور گلبرگہ کے مسلمانوں کے لئے اقتدار کی ایک تاریخ بنادی ۔ محمود احمد مرحوم کے فرزند انجنئیر افضال احمد کے بارے میںمحترمہ کنیز فاطمہ نے کہا کہ وہ اپنے اندر ایک سیاسی سوچ اور ملی درد رکھتے ہیں ۔افضال تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ ساتھ تنظیمی صلاحیتوںکے مالک بھی ہیں ۔ کانگریس پارٹی مائیناریٹی ڈپارٹمینٹ کے ریاستی کو آر ڈینیٹر مسٹر نجم الاسلام احمر نے کہا کہ سابق مئیر جناب محمود احمد کا یہ عظیم کارنامہ ہے کہ انھوںنے اپنے دور اقتدار میں شہر گلبرگہ کی تمام غیر قانونی تعمیرات کو باقاعدگی کے ساتھ قانونی حیثیت عطا کی ۔ سینئیر جرنلست حامد اکمل ،سابق مئیر اشفاق احمد چلبل ، مولانا صدر انڈئین یونین مسلم لیگ ،ممتاز ماہر تعلیم جناب اسد علی انصاری ، جناب سید عبدالمقیم سید بارے نے بھی خطاب کیا۔ یہ جلسہ جناب ہدایت اللہ قادری صاحب، سجادہ نشین املی محلہ کی سرپرستی میںمنعقد کیا گیا۔ محترمہ قیصر النسا بیگم اہلیہ محترمہ محمود صاحب نے صدر جلسہ محترمہ کنیز فاطمہ رکن اسمبلی گلبرگہ کی گل پوشی کی ۔جناب فراز الاسلام کی گل پوشی محمد عبدالرئوف سولجر نے کی۔ محمود احمد کے قریبی دوست جناب شاہ نواز خان شاہین نے جلسہ کی نظامت کے فرائض انجام دئے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر ہروالکر(نائب صدر ایچ کے ای سوسائیٹی ) عبدالحمید ڈابر،اقبال علی انڈیا بیت المال، گلبرگہ ،انجنئیر سید نئیر خورشید، انجنئیر ، عادل سلیمان سیٹھ ،واحد علی فاتحہ خوانی ، اسلم باجے ، سید ناصر خورشید، شفیق ہنڈے کار،سلیم چیتا پوری ، سلیم سگری ، رحیم پٹیل ، انور پاشاہ، مصطفی شکاری ، محمد علی ہنوراج ، شمس الدین خطیب ، طیب علی ، محمد علی ویلڈر، الطاف ، کانگریس مہیلا مورچہ گلبرگہ نارتھ کی صدراحمدی بیگم اور خواتین کی کثیر تعداد شریک تھی ۔