مسلمانوں کو دی گئی خصوصی رعایتوں کے باعث آبادی میں اضافہ :یوگی

,

   

تقسیم ہند کے بعد کئی سہولتیںدی گئیں، انہیں ترقی کا موقع دیا گیا لیکن پاکستان کے ہندوؤں کے ساتھ ایسا نہیں ہوا

نئی دہلی ۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی مسلمانوں کو دی گئی خصوصی رعایتوں کے باعث ہی ان کی آبادی میں اضافہ ہوا ہے۔ آزادی کے بعد مسلمانوں کو خصوصی حقوق عطا کئے گئے۔ انہیں نت نئی سہولتیں فراہم کی گئیں۔ ان سہولتوں کے درمیان مسلمانوں کو اپنی آبادی بڑھانے کا موقع ملا۔ چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ نے کہا کہ ہندوستانی مسلمانوں کو خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے گئے۔ 1947ء سے ہندوستانی مسلمانوں کی آبادی میں زبردست اضافہ ہوا ہے اور یہ اضافہ 7 تا 8 گنا تک ہوچکا ہے۔ مسلمانوں کی بڑھتی آبادی پر کسی نے کوئی اعتراض نہیں کیا۔ یہ لوگ ملک کے شہری ہیں تو انہیں ملک کی ترقی کیلئے کام کرنا ہے۔ ان کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ ان کی ترقی کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے گئے ہیں۔ ادتیہ ناتھ یوگی بی جے پی کی جانب سے گیا میں منعقدہ ایک ریالی سے خطاب کررہے تھے۔ یہ ریالی شہریت ترمیمی قانون کی تائید میں منعقد کی گئی۔ انہوں نے جلسہ میں شریک عوام سے سوال کیا کہ ہم نے ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ بہت کچھ کیا ہے۔ کیا پاکستان میں ایسا ہوا ہے؟۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان میں ہندو آبادی 1947ء کے بعد سے ہی گھٹتی گئی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایسا کیوں ہوا؟ اس کی وجہ پاکستان میں ہندوؤں کے ساتھ خراب برتاؤ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سی اے اے کے خلاف ملک گیر سطح پر احتجاج کیا جانا ایک سازش ہے۔ ہندوستان کو متحد رکھنے کے خلاف یہ احتجاج کیا جارہا ہے۔ اپوزیشن پارٹیوں نے اس احتجاج کو ہوا دی ہے۔ جو لوگ اس قانون کی مخالفت کررہے ہیں دراصل وہ قومی مفادات کے خلاف ’’پاپ‘‘ کررہے ہیں۔