گلبرگہ 15دسمبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آج سارے ملک بھر میں جو حالات ہیں ان حالات کے پیش نظر مسلمانوں کو نہایت سنجیدگی کے ساتھ اس ملک میں اپنی زندگی گزارنی ہے ۔ ایسے حالات میں خصوصیت کے ساتھ شادیوں کو آسان بنانا ضروری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ملک کے دانشوراور محسن ملت جناب زاہد علی خان صاحب ایڈیٹر روزنامہ سیاست حیدرآباد نے اتوار کے دن میٹر وفنکشن ہال نزد محمد رفیع چوک گلبرگہ میں روزنامہ سیاست اور انڈیا بیت المال ٹرسٹ کی جانب سے مسلم لڑکیوں اور لڑکوں کے پیامات اور رشتوںکے سلسلہ میں منعقدہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انھوں نے کہا کہ آج اضلاع گلبرگہ بیدر ، رائچور تلنگانہ مرہٹواڑہ وغیرہ میں نوجوان زیادہ سے زیادہ تعلیم حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ان میںتعلیم یافتہ لڑکیوں کا تناسب بڑھتا جارہا ہے ۔ جناب زاہدعلی خان نے کہا کہ بچوںکو زیادہ سے زیادہ تعلیم دلانا چاہئے ، انھیںعام نصابوں کے علاوہ آئی اے ایس بھی کروانے کی کوشش کرنی چاہئے ۔ انھوں نے بتایا کہ ستر سال قبل سارے سرکاری عہدیداران مسلمان ہوا کرتے تھے لیکن آج حالات بالکل بدل گئے ہیں ۔ اعلیٰ تعلیم کا حصول نہایت ضروری ہوگیا ہے۔ آج ملک بھر میں سیکولر بنیادوںکو ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے ، لہذا ایسے حالات میں شہریان کا حالات سے باخبر رہنا بے حد ضروری ہے ۔ جناب زاہد علی خان نے بتایا کہ ادارہ روزنامہ سیاست کی جانب سے حیدر آباد میں دو بہ دو پیامات کے کئی کامیاب پروگرام منعقد کئے جاچکے ہیں ۔ دیگر اضلاع میں بھی یہ سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ سیاست کی جانب سے گزشتہ کئی برسوں سے مختلف فلاحی خدمات انجام دی جارہی ہیں ۔ جناب زاہد علی خان نے کہا کہ گلبرگہ میں مسلم لڑکیوں اور لڑکوں کی شادیوں کے ضمن میں پیامات کا دو بدو پروگرام روزنامہ سیاست اور انڈیا بیت المال کے اشتراک سے پہلی بار منعقد کیا جارہا ہے۔انھوں نے انڈیا بیت المال کے عہدیداران کو مبارک باد دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ اس طرح کے پروگرام مستقبل قریب میں گلبرگہ ضلع کے علاوہ پڑوسی اضلاع میں بھی منعقد کئے جاتے رہیں گے ۔ انھوں نے اس معاملہ میں ادارہ سیاست کی جانب سے ہر ممکنہ تعاون کا اظہار بھی کیا ۔ جناب اقبال علی نائب صدر آل انڈیا بیت المال ٹرسٹ ممتاز سماجی خدمت گزار حیدر آبادجناب محمد منظور ، جناب حیدر علی باغبان ، ڈاکٹر ناصب قریشی اور جناب عظیم الدین ایڈوکیٹ نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گلبرگہ میں پہلی بار دوبدو پیامات کا جو پروگرام منعقد کیا جارہا ہے ، یہ ایک کامیاب کوشش ثابت ہوگا اور امید کی جاسکتی ہے کہ مسلم لڑکیوں اور لڑکوں کے والدین و سرپرست اس پروگرام سے بھر پور استفادہ کرسکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ مسلمانوں کی شادیوں میں پیش کئے جانے والے دولہا دلہن کے خاص کپڑے شیروانیاں ، شرٹس شلوار ، ساڑیاں اور سوٹ وغیرہ برسوں تک الماریوں میں یوںہی بند پڑے رہتے ہیں۔ لہٰذا ایسے ملبوسات کو غریب لڑکوں اور لڑکیوں کی شادیوں کے لئے تحفے کے طور پر دیا جانا چاہئے۔ ان کی اس تجویز سے چیف ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان نے بھی اتفاق کیا اور اعلان کیا کہ وہ اپنی الماری میں رکھی ہوئی دس شیروانیاں جناب عظیم ا لدین ایڈوکیٹ کے حوالہ کردیں گے تاکہ وہ غریبوںکی شادیوں میں انھیں تحفتا پیش کرسکیں ۔ تمام مقررین نے دو بدو پیامات کے پروگرام منعقد کرنے اور اس کی بنا ڈالنے کے لئے روزنامہ سیاست کے مدیر اعلیٰ جناب زاہد علی خان کی ستائش کی ۔ اس موقع پر جناب اقبال علی نے بتایا کہ گلبرگہ میں منعقدہ پیامات کے دو بہ دو پروگرام میں شرکت کے لئے لڑکیوں اور لڑکوں کے والدین اور سرپرستوںکی جانب سے جملہ 715سے زیادہ بائیو ڈاٹا و درخواستیں وصول ہوئیں ۔اس ضمن میں جناب اقبال علی کی اطلاع کے بموجب پانچ یا چھ پیامات کو قطعیت بھی مل چکی ہے۔ ممتاز جرنلسٹ و دانشور جناب ظہیرالدین علی خان نے بھی گلبرگہ کے دو بہ دوپیامات کے پروگرام میں شرکت کی اور انھوں نے اس موقع پر پروگرام کے منتظمین کو پیامات کے ضمن میں ضروری معلومات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ لڑکی یا لڑکے کے بائیو ڈاٹا میں اس بات کی بھی وضاحت ہونی چاہئے کہ وہ کس قسم کی لڑکی یا لڑکے سے رشتہ کرنا چاہتے ہیں۔ تعلیمی قابلیت،مذہب کی طرف جھکائو، اخلاق و کردار، عمراوردیگر امور پر بھی بائیو ڈاٹاز میں تفصیلات درج کرنے پر زور دیا گیا ۔ پروگرام میں ڈاکٹروں ، انجنئیروں ، گریجویٹس ،عالم و فاضل ، بیوہ، و طلاق شدہ ، ٹیکنیکل، آئی ٹی آئیز ۔ ایس ایس ایل سی کامیاب، پی یوسی کامیاب و دیگر ہنر مند افراد کے لئے علیحدہ علیحدہ سیکشن قائم کئے گئے تھے ۔ پروگرام کے اختتام پر جناب اقبال علی نائب صدر آل انڈیا بیت المال ٹرسٹ نے تمام شرکا ء کا شکریہ ادا کیا ۔ چیف ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خان پروگرام کے اختتام پر درگاہ حضرت خواجہ بندہ نواز ؒ پر حاضری دیتے ہوئے چٹگوپہ ضلع بیدر کے لئے روانہ ہوگئے۔