مسلمانوں کو لڑکوں کی تعلیم کے ساتھ لڑکیوں کی تعلیم پر توجہ دینے کی ضرورت:نور عائشہ

   

نئی دہلی/بنگلور، 13اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام)معاشرتی خرابیوں کو دور کرنے کے لئے مسلمانوں کی سب سے زیادہ تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اقرا انٹرنیشنل اسکول بنگلور کی بانی ڈائرکٹر نور عائشہ نے کہا کہ مسلمانوں کو لڑکیوں کی تعلیم پر بھی اتنی ہی اہمیت دینی چاہئے جتنی اہمیت وہ لڑکوں کی تعلیم پر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مسلم خواتین پر حملے ، مسلم لڑکیوں کے ساتھ زیادتی اور مسلم نوجوانوں کو ہراساں کیا جانایہاں اس لئے بھی آسان ہوگیا ہے کہ کیوں کہ ہم تعلیم سے دور ہیں اپنے حقوق و اختیارات اتنے واقف نہیں ہیں جتنے ہمیں ہونے چاہئیں۔ اگر ہم اپنے حقوق کا دفاع کرنا سیکھ جائیں تو ہماری پریشانیاں کم ہوسکتی ہیں اور اس کا سب سے اہم ہتھیار تعلیم ہے ، خاص طور پر لڑکیوں کی تعلیم۔ انہوں نے کہاکہ کسی بھی معاشرے کو بہتر بنانے کے لئے لڑکیوں کی تعلیم سے گہرا رشتہ ہے ۔ کیوں کہ لڑکیاں اگر تعلیم یافتہ ہوتی ہیں تو نہ صرف پورا خاندان تعلیم یافتہ ہوتا ہے بلکہ اس سے معاشرہ بھی فیضیاب ہوتا ہے ۔ اس لئے ہمیں لڑکیوں کی تعلیم پر سب سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔