’’مسلمانوں کو نیست و نابود کرنے بی جے پی کو ووٹ دیں‘‘

   

بی جے پی قائد رنجیت بہادر سریواستو کا بارہ بنکی میں نیا متنازعہ بیان
بارہ بنکی۔ 15 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی قائد رنجیت بہادر سریواستو نے جمعرات کے روز ایک ایسا بیان دیا جس سے نیا تنازعہ پیدا ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو مکمل طور پر تباہ و تاراج کرنے کیلئے بی جے پی (وزیراعظم مودی) کو ووٹ دیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران نریندر مودی نے مسلمانوں کے موقف کو کمزور کرنے کی پوری کوشش کی ہے اور اگر مسلمانوں کی نسل کو تباہ و تاراج کرنا ہے تو نریندر مودی کو ووٹ دیجئے۔ تقسیم کے باوجود بھی ہندوستان میں مسلمانوں کی آبادی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور ایک وقت ایسا آئے گا تاکہ ووٹنگ کے ذریعہ وہ ملک کا اقتدار بھی حاصل کریں گے۔ بارہ بنکی میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سریواستو نے یہ بات کہی۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد پارٹی چین سے مشینیں منگواکر 10 تا 12 ہزار مسلمانوں کو سر مونڈھ کر انہیں جبری طور پر ہندو مذہب اختیار کرنے پر توجہ دے گی۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ جاریہ انتخابات میں ہندو ووٹرس بی جے پی کو ووٹ دیںورنہ خطرناک نتائج کیلئے تیار رہیں۔ ان کا اشارہ ہندوستان میں مسلمانوں کا غلبہ ہوجانے کی جانب تھا۔ یاد رہے کہ اترپردیش میں لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے کی رائے دہی ختم ہونے تک رائے دہی کا تناسب 67.55% نوٹ کیا گیا۔