پٹنہ: متنازعہ بیانات دینے میں مشہور بی جے پی کے سینئر وزیر و رکن پارلیمنٹ گیری راج سنگھ نے کہا کہ آزادی کے وقت پاکستان بننے کے بعد یہاں کے تمام مسلمانو ں کو پاکستان بھیج دیا جانا چاہئے تھا۔ مسلمانوں کو نہ بھیج پانے کی قیمت آج ہندوستان چکا رہا ہے، ہمارے باپ دادا اور اس وقت کے وزراء نے بہت بڑی غلطی کی ہے۔ وہ بہار کے سیمانچل علاقہ کے پورنیہ ضلع میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔
واضح رہے کہ یہ علاقہ کثیر مسلم آبادی والاعلاقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے باپ دادا اگر اسی وقت مسلمانوں کو پاکستان بھیج دیتے اور ہندوؤں کو یہاں رہنے دیتے تو اس طرح کے اقدامات (شہریت ترمیمی قانون) کی ضرورت ہی نہ پڑتی۔ انہوں نے سی اے اے کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ جب ہمارے باپ دادا برطانوی حکومت سے لڑ رہے تھے اسی دوران جناح ایک اسلامی ملک بنانے کی تیاری کرر ہے تھے۔