مسلمانوں کیلئے رمضان گفٹ کی خریدی میں بڑے پیمانے پر قواعد کی خلاف ورزی

   

غیر معیاری کپڑے کی خریدی ۔ ٹنڈرس کے بغیر آرڈر ۔ بغیر پروسیسنگ کے پیاکنگ کا انکشاف

حیدرآباد 14 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست میں ماہ رمضان کے دوران مسلمانوں میں حکومت کی جانب سے تقسیم کئے جانے والے تحفہ رمضان میں بڑے پیمانے پر قواعد کی خلاف ورزی کا انکشاف ہوا ہے۔ غیرمعیاری کپڑا خریدا گیا۔ انتخابی ضابطہ اخلاق کی وجہ سے یہ تحائف مسلمانوں میں تقسیم نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے اس کی حالت خراب ہوگئی ہے۔ محکمہ جاتی تحقیقات میں کئی خامیوں کا پتہ چلا ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ کوآپریٹیو سوسائٹی کی من مانی کا پردہ فاش ہوا ہے جس کی حکومت نے نشاندہی کی ہے۔ گفٹ پیاکٹس میں موجود کپڑا ناقص معیار کا تھا۔ کم از کم پروسیسنگ کے بغیر اس کو پیاک کیا گیا۔ رمضان کے پیش نظر مستحقین میں تحائف تقسیم کرنا تھا تاہم انتخابی ضابطہ اخلاق کی وجہ سے مسلمانوں میں تقسیم نہیں کئے جاسکے۔ حال میں ٹیکسٹائیل ڈپارٹمنٹ کی محکمہ جاتی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ٹیسکو کے اعلیٰ عہدیداروں نے اس معاملے میں قواعد کی خلاف ورزی کی۔ کپڑوں کی خریدی میں من مانی فیصلے کئے گئے ۔ حکومت مقدس ماہ رمضان میں غریب مسلمانوں میں ہر سال تحائف تقسیم کرتی ہے ۔ حکومت نے 2024ء میں 4.5 لاکھ غریب مسلم خاندانوں میں ’رمضان تحفہ‘ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ گفٹ پیاک میں کپڑے بھی شامل ہوتے ہیں۔ ٹیسکو کی ذمہ داری ہیکہ کپڑے کو خریدنا اور پیاکنگ کرکے اضلاع کو روانہ کرنا۔ تقریباً 70 تا 80 لاکھ میٹر کپڑے کی فروخت کا اندازہ لگایا گیا۔ اس کی فراہمی کیلئے ٹیکسٹائل انڈسٹری سے ٹنڈرس طلب کرنا تھا لیکن ٹیسکو کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے از خود فیصلہ کرکے ماہ فبروری میں ایک کمپنی کو کپڑا سپلائی کرنے کی اجازت دی۔ لوک سبھا انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی وجہ سے رمضان تحفہ مستحقین میں تقسیم نہیں کئے جاسکے۔ وہ تمام گفٹ پیاکٹس ٹیسکو کے پاس موجود ہیں۔ انتخابی ضابطہ اخلاق ختم ہونے کے بعد گفٹس تقسیم کرنے کا موقع تھا۔ تاہم محکمہ اقلیتی بہبود اور ٹیسکو کے درمیان تال میل کے فقدان سے بات آگے نہیں بڑھ سکی۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے بقرعید کے دوران گفٹس مستحقین میں تقسیم کرنے پر غورکیا ۔ وقت بہت کم ہونے کی وجہ سے تجویز سے دستبردار ہوگئی۔ گفٹس مسلمانوں میں تقسیم نہ کرنے سے بڑے پیمانے پر جو اخراجات ہوئے ہیں، وہ ضائع ہوجانے کے اندیشے ہیں۔ منیجنگ ڈائرکٹر ٹیسکو شیلجا رامیا نے تحائف، معیار، ٹنڈر کی شرائط کیلئے آرڈرس کا جائزہ لیا جبکہ کپڑے کے معیار کی جانچ مرکزی حکومت کا ادارہ کرتا ہے۔ حکام کا کہناہیکہ ادارہ نے معائنہ کے بغیر اس کو تقسیم کیلئے تیار کیا ہے۔ تقریباً 50 فیصد میٹریل کو پروسیسنگ کے بغیر پیاک کرکے مستحقین میں تقسیم کرنے تیار کرنے کا تحقیقات میں علم ہوا ہے۔ رمضان گفٹس کی بے قاعدگیوں کی رپورٹ حکومت کو پہنچ گئی ہے۔ سخت کارروائی کا حکومت سنجیدگی سے جائزہ لے رہی ہے۔2