مسلمانوں کیلئے ہمہ جہتی اسکیمات متعارف کروانے کا منصوبہ

   

Ferty9 Clinic

کوہیر میں تربیت یافتہ خواتین میں سرٹیفکیٹ ، سلائی مشین کی تقسیم،رکن اسمبلی مانک راؤ کا خطاب
کوہیر۔/10جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کوہیر منڈل مستقر میں ملٹی سیکٹر ڈیولپمنٹ اور محکمہ میناریٹی ویلفیر کی جانب سے کوہیر، ظہیرآباد، نیالکل میں 200 خواتین کو بیوٹیشن اور ٹیلرنگ کوچنگ دی گئی تھی جن میں کوہیر مستقر کے 65 خواتین کو سلائی مشین اور سرٹیفکیٹ کی تقسیم کوہیر منڈل دفتر پرجا پریشد میں رکن اسمبلی ظہیرآباد کے مانک راؤ ، محمد فرید الدین رکن قانون ساز کونسل کے ہاتھوں عمل میں آئی۔ اس موقع پر منعقدہ پروگرام کو مخاطب کرتے ہوئے محمد فرید الدین نے کہا کہ تلنگانہ حکومت مسلم اقلیتوں کیلئے ہمہ جہتی اسکیمات متعارف کرواتے ہوئے ہر شعبہ میں ترقی دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ظہیرآباد میں مزید500 سلائی مشینوں کے لئے خواتین کو ٹریننگ دیتے ہوئے خود کفیل بنایا جائے گا جس کیلئے عہدیداروں کو ہدایت دے دی گئی ہے۔ اس موقع پر محمد فرید الدین اور مانک راؤ رکن اسمبلی ظہیرآباد نے میناریٹی ویلفیر عہدیداروں پر سخت برہمی کا اظہار کیا کیونکہ خواتین کی ٹریننگ ختم ہوکر ایک سال کا عرصہ ہوچکا ہے، ٹریننگ یافتہ خواتین کو اب تک سرٹیفکیٹ اور سلائی مشین کیوں نہیں دیئے گئے۔ جس پر عہدیداروں نے اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا اور آئندہ کوئی شکایت کا موقع نہ دینے کا عہد کیا اور انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کی وجہ بتائی۔ اس موقع پر مقامی قائدین کی جانب سے تحصیلدار کی شکایت کی گئی۔ اکثر تحصیلدار غیر حاضر ہونے سے عوام اور کسانوں کو مشکلات پیش آرہی ہیں جس پر مانک راؤ رکن اسمبلی نے بتایا کہ بہت جلد تحصیلدار کا تبادلہ کردیا جائے گا۔ اس ضمن میں ضلع کلکٹر سے بات چیت ہوچکی ہے اور اس کے علاوہ کوہیر میں پینے کے پانی کا ایک سنگین مسئلہ بنتا جارہا ہے جس پر انہوں نے کہا کہ ہر حال میں عوام کو پانی سپلائی کیا جائے گا۔ پانی احتیاط سے خرچ کرنے کا مشورہ دیا اور ساتھ ہی ساتھ کہا کہ اپنے پڑوسیوں کا خیال رکھیں۔ہر سال بارش کی کمی کی وجہ سے زمین میں پانی کی مقدار کم ہوتی جارہی ہے۔ اس موقع پر کوہیر منڈل صدرنشین مادھوی اور مسٹر رام داس ضلع پریشد رکن نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر محمد عمر احمد صدر ٹی آر ایس پارٹی کوہیر منڈل، کوہیر سرپنچ عطیہ محمد کلیم الدین، ٹی آر ایس پارٹی یوتھ لیڈر کے علاوہ محمد افتخار احمد، عمران صدیقی، محمد شاہد مسعود ، محمد جلیل احمد سابق کوآپشن محمد جلیل الفردوس، محمداسلم زید، واجد ذبیح، عبدالحنان، جاوید، محمد شاکر علی نائب صدرنشین کے علاوہ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر، تریپت راؤ کوہیر منڈل ڈیولپمنٹ آفیسر وینکٹ ریڈی وغیرہ موجود تھے۔