نئی دہلی :شیوسینا (یو بی ٹی) سے راجیہ سبھا رکن سنجے راؤت نے وقف ترمیمی بل پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ آپ کو (بی جے پی) مسلمانوں کے مفاد کی اتنی فکر کیوں ہو رہی ہے۔ اتنی فکر تو بیرسٹر محمد علی جناح نے بھی نہیں کی تھی شاید۔ وزیر محترم کو سن کر ایسا لگا جیسے محمد علی جناح کی روح قبر سے اٹھ کر داخل کر گئی ہے۔ ہندو راشٹر بنانے کی بات کرنے والے لوگ تھے اب لگ رہا ہے کہ ہندو پاکستان بنانے جا رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ جو بل لائے ہیں اس کا مقصد صاف نہیں ہے۔ ابھی تو آپ میٹھی میٹھی باتیں کر رہے ہو، لیکن آپ تاجر لوگ ہو۔ تاجر لوگ ایسا ہی کرتے ہیں اور پھر سب کچھ فروخت کر کے بھاگ جاتے ہیں۔ یہ بل ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ آپ پھر ملک میں کشیدگی پیدا کرنا چاہتے ہیں اور فساد بھڑکانا چاہتے ہیں۔