نرمل کے کانگریس ارکان بلدیہ شوہر بیوی کی ٹی آرا یس میں شمولیت کے موقع پر ریاستی وزیر کا خطاب
نرمل ۔ 16 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نرمل کے بلدی وارڈ نمبر 27 کے رکن بلدیہ سید محمد توحید الدین عرف (رفو) ان کی اہلیہ عائشہ رفو جو وارڈ نمبر 39 کی نمائندگی کرتے ہیں آج کانگریس پارٹی کو چھوڑ کر حکمراں جماعت ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ محمد توحید الدین رفو محلہ گلزار مارکٹ سے اپنی رہائش گاہ پر اس علاقہ کے نوجوانوں اور بزرگوں کی بڑی تعداد کے ہمراہ ایک موٹر سائیکل ریالی جو نرمل کے مختلف راستوں سے گذرتے ہوئے ریاستی وزیر جنگلات اے اندرا کرن ریڈی کی رہائش گاہ پہنچ کر جلسہ عام میں تبدیل ہوگئی۔ جہاں وزیر موصوف نے محمد توحید الدین (رفو) کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں پارٹی کھنڈوا ڈال کر ٹی آر ایس میں شامل کیا۔ ان کے حامیوں کو بھی کھنڈوا ڈال کر پارٹی میں شامل کرلیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اے اندرکرن ریڈی نے کہا کہ اس علاقہ میں اقلیتوں کا ٹی آر ایس سے جڑنا اس بات کا کھلا ثبوت ہے کہ حلقہ اسمبلی نرمل کے مسلمانوں کی بے پناہ محبت میری سیاسی طاقت ہے۔ محمد توحید الدین رکن بلدیہ نے مجھے ان کے دو وارڈز میں مختلف ترقیاتی کاموں کی طرف توجہ دلائی ہے۔ میں اس بات کا تیقن دیتا ہوں کہ اس علاقہ میں بہت جلد ایک کمیونٹی ہال اور پانی کے مسئلہ کی یکسوئی کے ساتھ ساتھ قدیم ترکاری مارکٹ کی ترقی کے لے بھی زیادہ سے زیادہ فنڈز کی فراہمی جائے گی اور بڑے گوشت کی مارکٹ کو بھی ایک عصری مارکٹ میں تبدیل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔