مسلمانوں کی ترقی اور فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے کا عزم

   

ناگرکرنول میں مسلم اقلیتوں کا اجلاس، کانگریس امیدوار راجیشور ریڈی اور دیگر کا خطاب
ناگرکرنول 8؍ نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)کانگریس پارٹی کے امیدوار مسٹر کے ۔ راجیشورریڈی کے زیرِ اہتمام ایم ایل سی و سابقہ صدرنشین ضلع پریشد ، محبوب نگر مسٹر کے دامودھرریڈی کے زیر ِ سرپرستی سائی گارڈن فنکشن ہال، ناگرکرنول میں مسلم اقلیتوں کے اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں بحیثیت مہمان خصوصی جناب علی بن ابراہیم مسقطی نے شرکت کی۔ اس موقع پرحلقہ اسمبلی ناگرکرنول کے کانگریسی امیدوار مسٹر کے۔راجیشورریڈی نے خطاب کرتے ہوئے یاددلایا کہ ناگرکرنول کے مسلمانوں کے ساتھ ان کے والد مسٹر کے دامودھر ریڈی کے قریبی تعلقات رہے ہیں اور اسی طرح مسلم اقلیتوں کو جب بھی کسی چیز کی ضرورت پڑی تو مسلمانانِ ناگرکرنول نے ان کے والد سے ربط کیا تو کے دامودھرریڈی نے ہمیشہ مسلمانوں کے مسائل کی یکسوئی کی۔مسلم اقلیتوں کیلئے کئی ترقیاتی کاموں کو ان کے والد نے انجام دیا۔ کے راجیشور ریڈی نے تیقن دیا کہ آنے والے انتخابات میں مسلمانوں کا اسی طرح ساتھ رہا اور وہ جیت گئے تو ان کے والد کی طرح ہمیشہ مسلم مسائل کی یکسوئی و ترقی کیلئے وہ آگے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ 12 فیصد تحفظات کے نام پرمسلمانوں کو ہمیشہ دھوکہ دینے والی بی آرایس کو اقتدار سے بے دخل کریں اور 4 فیصد تحفظات کو عملی جامہ پہناکر لاکھوں مسلمانوں کو روزگار فراہم کرنے والی کانگریس کو اقتدار سونپیں پھر دیکھیں کہ کانگریس ہمیشہ کی طرح مسلمانوں کی ترقی کے کیسے کام کرتی ہے۔اس موقع پر مہمان ِ خصوصی کانگریس قائدجناب علی بن ابراہیم مسقطی نے بی آرایس،بی جے پی ا ور مجلس کی ساز بازی کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کا صرف ایک رکن اسمبلی ہوا کرتا تھا لیکن جب سے ٹی آر ایس برسراقتدار آئی تو بی جے پی کے چار اراکان اسمبلی ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ بی آر ایس مسلمانوں کی دوست تھی نہ ہے اور نہ ہی کبھی دوست بن سکتی ہے۔اس موقع پرکانگریس کے مسلم قائدین جناب محمد حبیب خان، محمد ، جناب محمد جہانگیر، جناب محمد خواجہ بابا کے علاوہ مسلمانوں کی کثیر تعداد نے حصہ لیا۔