مسجد شاہ خاموش بیدر میں جلسہ، اقبال الدین انجینئر کا خطاب
بیدر۔ یکم مارچ ۔سیرت نبوی ﷺ در حقیقت اس پیغام ربانی کے عملی پر تو سے عبارت ہے۔ جسے رسول ﷺ نے انسانی جمعیت کے سامنے پیش کیا تھا ۔اور جسے انسان کو بندوں کی بندگی سے نکال کر خدا کی بندگی میں داخل کر دیا تھا ، ان خیالات کا اظہار اقبال الدین انجینئر نے مسجد شاہ خاموش ؒ بیدر منعقدہ’’ جلسہ معراج النبی ؐ ‘‘کے خطاب کے دوران کیا۔ اورموصوف نے مزید بتایا کہ مسلمانوں کی ترقی کا راز نماز میں پنہاں ہے۔ اسی لیے نبی کریم ﷺ نے مسلمانوں کی معراج نماز کو کہا ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو معراج النبی کے دن اپنی بعض نشانیاں دکھلانے کے لیے اپنے پاس بلایا ۔ تاکہ آپ ﷺ یقین کرنے والوں میں سے ہوں۔ اور اپنے مخالفین کی جانب سے ہونے والی سختیوں کی کچھ پروانہ کریں۔ اسی لیے معراج کے واقعہ کے کچھ مدت بعد ہی آپ ﷺ کو مکہ سے مدینہ ہجرت ہوئی ۔ اوراللہ تعالیٰ نے نوعِ انسانی کی قیادت آپ ﷺ کوسونپ دی۔ دعوت ابراہیمی کے دونوں مراکز آپ ﷺ کے ماتحت کر دئیے۔ مدینہ میں دس سال کے مختصر سے عرصہ میں آپ ﷺ نے دنیا میں اسلام پھیلا دیا ۔ جلسہ کا آغاز زاہد علی کی تلاوت کلام اللہ سے ہوا ۔ سید مختار احمد سکریٹری مسجد کمیٹی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔صدر کمیٹی مسجد شاہ خاموش ؒ کے شکریہ پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔