نظام آباد میں شادی مبارک چیکس کی تقسیم، رکن اسمبلی گنیش گپتا کا خطاب
نظام آباد:رکن اسمبلی نظام آباد اربن مسٹر بیگالہ گنیش گپتا نے آج ایم ایل اے کیمپ آفس میں شادی مبارک اسکیم کے تحت 146 افراد میں 1 کروڑ 46 لاکھ ، 16 ہزار 932 روپئے کے چیکوں کی تقسیم عمل میں لائی ۔ مسٹر گنیش گپتا نے اس موقع پر استفادہ کنندگان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر چندرشیکھر رائو غریب افراد کی شادیوں کو آسان بنانے کی غرض سے شادی مبارک ، کلیانہ لکشمی اسکیم کا آغاز کیا تھا اور ابتداء میں یہ اسکیم 51 ہزار روپئے سے شروع کی گئی تھی ۔ 51 ہزار روپئے ناکافی ہونے پر 75 ہزار روپئے کیا گیا تھا اور یہ بھی ناکافی ہونے پر ایک لاکھ 116 روپئے کرتے ہوئے لڑکیوں کی شادی کے موقع پر امداد فراہم کی جارہی ہے ۔ نظام آباد میں اب تک شادی مبارک ، کلیانہ لکشمی اسکیم کے تحت کروڑ وں روپئے کی تقسیم عمل میں لائی گئی اور شادیوں کو آسان بنانے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ مسٹر گنیش گپتا نے کہا کہ نہ صرف شادی مبارک بلکہ اقلیتی بالخصوص مسلمانوں کیلئے شہر میں بڑے پیما نے پر اقدامات کئے جارہے ہیں تعلیم کو فروغ دینے کی غرض سے اسکالرشپ فراہم کئے جارہے ہیں اور اقامتی مدارس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے اور آسرا وظائف کے تحت معمر افراد کو وظائف بھی فراہم کئے جارہے ہیں ۔ مسٹر گنیش گپتا نے اقلیتی طبقہ کی جانب سے چیف منسٹر مسٹر چندرشیکھر رائو سے اظہار تشکر کرتے ہوئے استفادہ کنندگان کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھ رہا ہوں کہ شہر میں بڑے پیمانے پر مسلم علاقوں میں شادی مبارک کے تحت امدادی رقم فراہم کی جارہی ہے ۔ مسٹر گنیش گپتا اپنی جانب سے نئے جوڑے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ایک عدد ملبوسات بھی پیش کیا ۔ اس موقع پر مئیر نیتوکرن ، ریڈکو چیرمین ایس اے علیم ، کارپوریٹر ایم اے قدوس ، ٹی آرایس اسٹیٹ سکریٹری طارق انصاری ، اقلیتی قائدین اختر احمد ، ایم اے باری کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے۔
