میدک میں مسلمانوں کی ترنگا ریالی‘ کمسن بچوں اور بزرگوں کی کثیر تعداد میں شرکت
میدک۔ مسلمانانِ میدک کی جانب سے ملک عظیم بھارت کی آزادی کے 75 سال کی تکمیل اور حکومت تلنگانہ کی جانب سے ترنگا ریالی نکالنے کی ہدایت کی روشنی میں ایک زبردست گرانڈ ترنگا ریالی آر اینڈ بی گیسٹ ہاؤس سے براہ نیو بس اسٹیشن، ٹپہ پوسٹ آفس، چلڈرنس پارک، رام داس ایکس وے، اولڈ بس اسٹیشن اور ویلکم بورڈ سے ہوتے ہوئے دوبارہ براہ اولڈ بس اسٹیشن سے رام داس ایکس وے تک نکالی جہاں مولانا محمد جاوید علی حسامی نے خطاب کیا۔ جناب فاضل حسین، زبیر مہتاب، عشرت علی صفی نے بھی مخاطب کیا۔ مولانا نے کہا کہ بھارت کی آزادی میں مسلمانوں کی سب سے بڑی قربانیاں ہوئیں۔ کم تناسب کے باوجود آزادی کی لڑائی میں مسلمانوں نے اپنے وطن عزیز کے لئے اپنا خون بہایا۔ مولانا نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ اپنے نونہالوں اور نوجوانوں کو عظیم قربانیوں سے واقف کروانا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ایک طویل جدوجہد کے بعد ہمیں آزادی کی نعمت حاصل ہوئی۔ مولانا نے جنگ آزادی میں حیدر علی، ٹیپو سلطان اور مغل خاندان کے آخری بادشاہ بہادر شاہ ظفر کے اہم کردار پر بھی مفصل رونشی ڈالی۔ اس ریالی میں کمسن بچوں، نوجوانوں کے علاوہ بزرگ حضرات کی بھی بڑی تعداد شریک رہی۔ اس موقع پر مولانا سید عابد علی ندوی، نمائندہ کونسلر امجد عارف، ڈاکٹر صوفی، مرزا احمد علی بیگ، مولانا شعیب احمد، ایم اے رفیق، طاہر علی، سید عمر محی الدین، مجیب الدین، شجیع الدین، محمد سلیم، عامر محی الدین، میمن چاؤش، محمد عمیر، نعمان فاروق، سید صادق، محمد سمیع الدین کونسلر، محمد نصیر، غفار جیولرس، حافظ ذاکر حسین، ایم اے رؤف، رئیس، محمد اظہرالدین، محمد شمیم الدین، غوث قریشی، سید سعادت علی ذکی، محمد عتیق، امیر بیگ کے علاوہ نوجوانوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔