مسلمانوں کی پسماندگی کیلئے مجلس ذمہ دار،اے آئی سی سی سکریٹری منصور علی خاں کا تبصرہ

   

حیدرآباد ۔29۔ ستمبر (سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی منصور علی خاں نے مجلس کی قیادت میں پرانے شہر میں مسلمانوں کی پسماندگی پر افسوس ظاہر کیا۔ سوشیل میڈیا پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے منصور علی خاں جو تلنگانہ امور کے انچارج ہیں، کہا کہ حیدرآباد کے حالیہ دورہ کے موقع پر مجھے کئی اہم شخصیتوں سے ملاقات اور بات چیت کا موقع ملا۔ حیدرآباد شہر جہاں مسلمان تقریباً 70 فیصد ہیں ، وہاں صرف 5 فیصد مسلمان اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلسی قیادت اور اویسی کی منصوبہ بند حکمت عملی کے نتیجہ میں عوام ترقی اور تعلیم سے محروم ہیں اور مقامی مجلسی غنڈہ عناصر پر انحصار کئے ہوئے ہیں۔ بنیادی ضرورتوں کے لئے بھی مقامی مجلسی قائدین پرانحصار کرنا پڑتا ہے ۔ منصور علی خاں نے سوال کیا کہ مجلس گوشہ محل ، چیوڑلہ اور سکندرآباد سے مقابلہ کیوں نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں یہ بات عام ہوچکی ہے کہ بی آر ایس ، بی جے پی اور مجلس کا اتحاد کھلی حقیقت ہے۔ تلنگانہ عوام کی اکثریت کانگریس پارٹی کی تائید کر رہی ہے جس کے نتیجہ میں تلنگانہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلی واقع ہوگی۔