مسلمانوں کے تئیں بی آر ایس کا سوتیلا سلوک

   

حکومت سے مسلمانوں کا اعتماد ختم ، تحریک مسلم شبان و مسلم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا اجلاس

حیدرآباد۔ 13اگست(سیاست نیوز) تحریک مسلم شبان اور مسلم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام تلنگانہ مسلم منشور مطالبات پرمشتمل ایک اجلاس منعقد کیا ۔ جس میںتلنگانہ کے مسلمانوں کا تیرہ نکاتی منشور پیش کیاگیا۔ صدر شبان محمد مشتاق ملک کی صدارت میںمنعقدہ اس اجلاس میں مختلف سیاسی جماعتوں‘ مذہبی ‘ سماجی او رفلاحی تنظیموں کے ذمہ داران اور کارکنان نے شرکت کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء نے حکومت تلنگانہ پر ریاست کے تمام سرکاری شعبوں میں مسلمانوں کی نمائندگی کو گھٹانے کا مورد الزام ٹہرایا اور کہاکہ تعلیم ‘ عدلیہ ‘ ریونیو اداروں میں اعلی عہدوں پر ایک بھی مسلمان کی عدم موجودگی تلنگانہ کے مسلم سماج کے ساتھ انصاف کی توقع کی امیدوں کوتباہ کردیا ہے ۔ مذکورہ قائدین نے ریاست کے مسلمانوں کے تئیں ریاستی حکومت کے سوتیلے سلوک کے سبب تلنگانہ کے مسلمانوں کا بی آر ایس حکومت پر سے اعتماد ختم ہونے کا دعوی کیا ہے۔ ان قائدین نے بی آر ایس حکومت پرالزام عائد کیاکہ پہلی او ردوسری معیادمیں حکمران جماعت نے جو وعدے مسلمانوںکے ساتھ کئے تھے ان پر عمل نہیں کیا اور مسلمانوں کودھوکہ دیا ہے۔پڑوسی ریاست کرناٹک کی مثال پیش کرتے ہوئے ان قائدین نے کہاکہ کرناٹک کے حالیہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی نے پندرہ مسلمانوں کو ٹکٹ دیکر امیدوار بنایا جس میں سے نو امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ تلنگانہ کی بی آر ایس حکومت نے نہ صرف ایم ایل اے کے ٹکٹوں کی تقسیم میںمسلمانوں کو نظر انداز کیاہے بلکہ قانون ساز کونسل میںبھی مسلم نمائندگی کو یکسر نظر انداز کردیا ہے ۔ان قائدین نے ریاست کے تمام اضلاع کا دور ہ کرتے ہوئے مسلمانوں کے ساتھ حکومت کے رویہ کے متعلق شعور بیداری مہم چلانے کابھی اعلان کیاہے۔ اجلاس میں پروفیسر انور خان ‘ پروفیسر محمد عبدالمجید‘ مسکین احمد سدی پیٹ‘یوسف ملا‘ منان نقوی‘ عبدالحمید شوکت‘عیسیٰ بہجاج‘ معز ز چودھری‘ ثناء اللہ خان ‘ شکیل ایڈوکیٹ‘منیر پٹیل‘مشتاق مجاہد‘حفیظ الدین‘ سراج خان ‘ شیخ اکبر‘ایم اے ماجد‘عبدالحق قمر‘ سید سمیع‘ سید عمران‘محمد محبوب‘ عارف قادری‘ محمد خلیل ‘ سکندر اللہ خان‘حکیم صوفی سید شاہ منیر الدین قادری‘محمد نذر‘ سید سلیم ‘صاحبزادہ سیدذبیح اللہ پاشاہ کے علاوہ دیگر نے شرکت کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ کے مسلمانوں سے کئے گئے وعدوں پرعمل آوری کی مانگ کی ہے۔