اقلیتوں کے ادھورے کاموں کی تکمیل کیلئے حکومت سے بھرپور نمائندگی کی جائے گی، جنگاؤں میں مسلم کنونشن سے نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست کا خطاب
ll مسلم مسائل کے حل کیلئے مساجد، خانقاہوں کو مرکزی حیثیت دینے کی ضرورت
ll دینی تنظیمیں اختلافات ختم کریں اور یک جٹ ہو جائیں
ll نظام زکوۃ، صدقات و خیرات کے ذریعہ مسلمانوں کی غربت کا خاتمہ ممکن
ll مسلم نوجوانوں میں منشیات کی لت پر اظہار تشویش
ll راتوں میں جاگنے کی عادت کو ترک کرنے اور صبح میں جلد اٹھ جانے کی تلقین
جنگاؤں ۔ 14 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست و ایم ایل سی نے اس بات کا اعلان کیا کہ وہ مسلمانوں کی تعلیمی معاشی، سیاسی اور سماجی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے تلنگانہ کے مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے جس کی پہلی کڑی کا جنگاؤں ضلع سے آغاز ہے۔ جناب محمد جمال شریف ایڈوکیٹ و صدر مسلم ڈیولپمنٹ کمیٹی جنگاؤں ضلع کنوینر مسلم کنونشن جنگاؤں کی نگرانی بروز ہفتہ 12 بجے دوپہر مسلم کنونشن کے جلسہ کا افتتاح کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ یہ کنونشن، وجیا فنکشن ہال جنگاؤں میں منعقد ہوا جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست و ایم ایل سی نے شرکت کی اور کہا کہ مساجد کے ائمہ، کمیٹی کے ذمہ داران اور مسلم دانشوروں کی ذمہ داری ہیکہ وہ مساجد، خانقاہوں کو مرکزی مقام کی حیثیت دیتے ہوئے مسلمانوں کے مسائل حل کرنے کے لئے جدوجہد کریں۔ انہوں نے تمام دینی تنظیموں و جماعتوں تبلیغی جماعت، اہلسنت والجماعت، جماعت اسلامی ہند۔ اہلحدیث کے علاوہ دیگر مسلم سماجی تنظیموں سے درخواست کی کہ اپنے اپنے مسلکی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے مسلمانوں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے یک جٹ ہو جائیں۔ جناب عامر علی خان نے کہاکہ روزنامہ سیاست ابتداء سے ہی مسلمانوں کی رہبری و رہنمائی کا فریضہ انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے مسلم نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ رات دیر گئے جاگنے کی عادت کو ترک کریں اور صبح کی اولین ساعتوں میں اٹھا کریں اور اپنے اپنے کام کا آغاز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک ان دنوں کس رخ و سمت جارہا ہے اس پر نظر رکھیں اور اس ملک میں مسلمان اپنی پہچان و شناخت بنانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایم ایل سی کے نامزد ہونے پر اس عہدے کے ذریعہ تلنگانہ کے مسلمانوں کے تمام مسائل و یکسوئی کے لئے سرگرم رہوں گا۔ اگر اس میں کچھ تاخیر ہوئی تو اخبار سیاست کے ذریعہ حکومت سے نمائندگی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت میں اقلیتوں و مسلمانوں کے جو کام بھی ادھورے رہ گئے ہیں کانگریس حکومت اور چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے ذریعہ ان تمام کاموں کی یکسوئی کی جائے گی۔ جناب عامر علی خان نے مسلم نوجوان نسل کے نشہ، گانجہ اور ڈرگس کے عادی ہونے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ان تمام برائیوں سے دور رہتے ہوئے ایک صاف و شفاف زندگی گذاریں اس لئے کہ اسلام میں ان تمام چیزوں کو حرام قرار دیتے ہوئے اس کے قریب تک نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ انہوں نے مسلم نوجوانوں سے کہا کہ نمازوں کا پابندی سے اہتمام کریں۔ اللہ تعالیٰ کو وہ بندے بہت پسند ہیں جو حلال کمائی اور حلال رزق کھاتے ہیں۔ انہوں نے اسلام کے نظام زکوۃ پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس نظام پر پابندی سے ترجیح طور پر مسلمان عمل کریں تو مسلمانوں کی غربت کا خاتمہ یقینی ہے جس کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے ترکی کے دورے کے موقع پر دیکھا کہ وہاں کے مسلمان اپنی کمائی کا چند فیصد حصہ صدقہ و خیرات کیا کرتے ہیں۔ اگر ہم بھی اسی طرح کے عمل کو اختیار کریں گے تو ہمارے پاس سے بھی مسلمانوں کی غربت کا خاتمہ ہوگا۔ ان صدقات و خیرات سے دینے والے کو بھی اجر ملیگا۔ انہوں نے اس موقع پر محمد جمال شریف ایڈوکیٹ کی سماجی و صحافتی سرگرمی پر روشنی ڈالی اور کہا کہ ایک عرصہ سے وہ روزنامہ سیاست کے مختلف پروگرامس اور صحافت کی حیثیت سے خدمت انجام دے رہے ہیں۔ اگر کسی کو بھی کوئی مسئلہ ہوتو ان سے رجوع ہوں تاکہ وہ نمائندگی کرسکیں۔ اس کے علاوہ مجھ سے راست طور پر بھی ملاقات کرسکتے ہیں۔ اس جلسہ کی صدارت مولانا حافظ محمد عبدالحفیظ قاسمی صدر جمعیۃ العلماء جنگاؤں ضلع نے کی اور کہا کہ میں اپنی جوانی سے ہی اخبار سیاست کا قاری ہوں۔ اخبار سیاست صرف اخبار ہی نہیں ہے بلکہ وہ قوم کے حق میں ایک تحریک و سرمایہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگاؤں ایک پسماندہ علاقہ ہے یہاں کی آبادی میں زیادہ تر غرباء ہیں، ان کی مدد کی جائے۔ کنوینر پروگرام محمد جمال شریف ایڈوکیٹ نے خیرمقدم کیا اور جناب عامر علی خان سے اظہار تشکر کیا۔ ڈاکٹر انیس صدیقی ورنگل، مولانا شاکر حسین قاسمی خطیب و امام جامع مسجد جنگاؤں، مولانا فصیح الاسلام خطیب و امام مدینہ مسجد، مولانا عبدالرشید خطیب و امام بلال مسجد، مولانا عبد الرحمن نے کہا کہ جناب عامر علی خان نوجوان حرکیاتی قائد ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی مدد فرمائے۔ ٹی ایس میسا جنگاؤں محمد تحسین، محمد ذکی، محمد انکشاولی، ریاض اللہ، لطیف شریف، محمد اطہر نے شال پوشی کی۔ ہم ساتھ سوشیل ویلفیر سوسائٹی صدر محمد یعقوب اور محمد کلیم الدین، محمد اقبال، محمد سراج، سرور محی الدین نے شال پوشی کی۔ محمد رافع متین ایڈوکیٹ اور عبد المنان رضی نے جناب عامر علی خان کو مومنٹو پیش کیا۔ جلسہ کا آغاز مولانا فصیح الاسلام کی قرأت کلام پاک سے ہوا جبکہ نعت شریف مولانا رہبر نے سنائی۔ اس موقع پر وجاہت اللہ جنید، محمد مصطفی، محمد عارف، محمد عبداللہ، عظمت محمد انور، سلمان، محمد عزیز، غلام، غوثی، شکیل، انور، خرم، محمد اعجاز، اقبال، محمد عابد فیصل، باسط، افضل، تبریز کے علاوہ مسلمانوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔ مولانا عبدالحفیظ قاسمی کی دعا پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔ جلسہ کے بعد تمام شرکاء کے لئے طعام کا نظم کیا گیا۔ محمد جمال شریف ایڈوکیٹ نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔