مسلمانوں کے خلاف یکطرفہ کارروائی قانون وانصاف کے ساتھ سنگین مذاق:مولانا ارشد مدنی 

,

   

نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے ہریانہ کے میوات علاقہ میں گزشتہ دنوں ہوئے فرقہ وارانہ تشددکو لیکر کی جانے والی بے دریغ اوریکطرفہ کارروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ قانون وانصاف کے ساتھ ایک سنگین مذاق ہے انہوں نے کہا کہ تشددکیوں برپاہوااورکن لوگوں نے برپاکیا پہلے اس کی ایماندارانہ جانچ ہونی چاہئے تھی اوراس کے بعد ہی کارروائی کی جانی چاہئے تھی، لیکن افسوس ہریانہ پولس قانون وانصاف دونوں کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ایک مخصوص فرقہ کے لوگوں کی اندھادھندگرفتاریاں کرکے اس پورے علاقہ میں خوف ودہشت کاماحول پیدا کرنا چاہ رہی ہے۔ مولانا مدنی نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے جب حیرت انگیز طور پر میڈیا کا ایک بڑا حلقہ کسی حد تک غیر جانبدارانہ رویہ کا مظاہر کرتے ہوئے نہ صرف وہاں کی انتظامیہ اورریاستی سرکارسے سوال پوچھ رہاہے بلکہ بہت سی ایسی باتوں کو بھی اب وہ سامنے لارہاہے جوایک شرمناک سچ ہیں مگر جن پر ہریانہ کی ریاستی سرکارکی طرف سے مسلسل پردہ ڈالنے کی کوششیں ہوتی رہیں ہیں۔