عادل آباد میں قلعی کرنے والے محنت کش افراد کے اجلاس سے جناب عامر علی خان کا خطاب
عادل آباد ۔ 3 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عادل آباد میں پرانے برتنوں کو درست کرتے ہوئے اس کی قلعی کرنے والے محنت کش افراد کو متحدہ طور پر حکومت سے نمائندگی کرتے ہوئے استفادہ کرنے کا مشورہ دیا۔ جناب عامر علی خان رکن قانون ساز کونسل ریاست تلنگانہ نے کہا کہ خود بھی حکومت سے نمائندگی کرتے ہوئے انہیں سہولت پہنچانے کی کوشش کریں گے۔ مسٹر خان نے کہا کہ ریاست کے مسلمان معاشی اعتبار سے مستحکم ہونے کے لئے وہ ہر ممکنہ کوششیں کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے ایک محاورہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ دو افراد جن میں ایک مسلمان اور ایک مارواڑی طبقہ کا تھا ان دونوں کو فی کس ایک ایک مچھلی پکڑنے کی چھڑی فراہم کی گئی تاکہ وہ گذارہ کرسکے۔ مسلم فرد ہر روز اپنی چھڑی سے مچھلی کا شکار کرتے ہوئے اپنا گذارہ کرلیا کرتا تھا جبکہ مارواڑی طبقہ کا فرد جو کہ گوشت مچھلی سے گریز کیا کرتے ہیں اس نے ایک فرد کو ملازمت پر رکھتے ہوئے اس سے مچھلی کا شکار کراتا تھا اور اس مچھلی کو فروخت کرکے اس رقم سے مزید ایک چھڑی خریدی اور ایک ملازم کو رکھا اسی طرز پر وہ اپنے کاروبار میں اضافہ کرتے ہوئے غربت کی سطح سے نکل کر معاشی اعتبار سے مستحکم ہوگیا۔ اسی طرز پر مسلمانوں کو بھی زندگی گذارتے ہوئے معاشی اعتبار سے مستحکم ہونے کا مشورہ دیا۔ مسٹر خان نے پانچ پانچ افراد پر مشتمل ایک ایک گروپ بناکر حکومت سے قرضہ جات حاصل کرنے پر زور دیا۔ قبل ازیں یہاں کے مقامی قائدین نے اپنے اپنے خطاب میں ان کے درپیش مسائل سے مسٹر عامر علی خان کو واقف کرایا اور تحریری یادداشت بھی پیش کی۔ مسٹر خان کی آمد سے مقامی طبقہ کے افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی ۔ انہوں نے مسٹر عامر علی خان کی بکثرت شال پوشی و گلپوشی انجام دی۔