مسلمانو ں کی سربلندی کیلئے سیرت طیبہؐ پر مکمل عمل کرنا ضروری

   

موبائیل پر وقت ضائع نہ کرنے نوجوانوں کو تلقین ، دیورکنڈہ میں جلسہ سیرت و اجتماعی شادیاں، مولانا عمر عابدین و دیگر کا خطاب

مکتھل ۔7 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں سیرت طیبہؐ سے ناواقفیت اور اُس سے محبت و عقیدت کا صرف رسمی تعلق اور اس کے غیرشرعی اظہار سے مسلمان اپنے اسلام کی صادقت و حقانیت کے اظہار سے محروم ہیں اور آج ضرورت ہے کہ ملت اسلامیہ کے نوجوانوں کو سیرت طیبہ سے واقفیت کے ساتھ پورے خلوص اور سنجیدگی سے اُس پر عمل آوری کو یقینی بنائیں اور یہی مسلمانوں کی عزت و سربلندی و کامیابی کی ضامن ہیں، دیورکنڈہ ضلع نلگنڈہ میں مدرسہ مصباح العلوم ، مکہ مسجد و عیدگاہ کامپلکس کمیٹی اور اصلاح معاشرہ کمیٹی کے زیراہتمام مسجد اقصیٰ احاطہ درگاہ حضرت سید سلیان شاہ ولیؒ میں منعقدہ 35 واں جلسہ سیرت البنیؐ سے مخاطب کرتے ہوئے حیدرآباد کے معزز علمائے کرام نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ جلسہ کی نگرانی مفتی محمد جاوید حسین قاسمی ناظم مدرسہ مصباح العلوم دیورکنڈہ نے کی، اس موقع پر دو طلبہ کے حفظ قرآن مجید کی تکمیل کے ساتھ دو مستحق نوجوانوں کی شادی انجام دی گئی ۔ مولانا محمد بانعیم مظاہری نائب ناظم مجلس علمیہ آندھرا و تلنگانہ نے بحیثیت مہمان خصوصی ان طلبہ کے حفظ کی تکمیل کروائی اور کہا کہ قرآن مجید کے حفظ کی سعادت دنیاء کی تمام نعمتوں میں سب سے عظیم نعمت ہے۔ انھوں نے اہلیان دیورکنڈہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے علماء کرام کی نگرانی میں اصلاح معاشرہ کے اس کارخیر اور سادگی و سنت کے مطابق اجتماعی شادیوں کے فروغ پر خوشی کا اظہار اور معاشرہ سے رسوم و رواج کے خاتمہ کے لئے اس کو وقت کی بڑی ضرورت قرار دیا ، جبکہ ایک اور مہمان خصوصی جواں سال عالم دین مولانا محمد عمر عابدین نائب ناظم المہد العالی الاسلامی حیدرآباد نے خواتین اور نوجوانوں میں سیرت طیبہ سے متعلق صحیح شعور کی بیداری اور اُنھیں سیرت طیبہ سے مکمل واقفیت پر زور دیتے ہوئے سیرت سے متعلق نوجوانوں کی بے ادبی غفلت اور لاپرواہی پر افسوس ظاہر کی اور تاریخ اسلام کے حوالہ سے اپنی شیریں بیانی کے ذریعہ سیرت طیبہؐ سے متعلق نوجوانوں کے جذبات کو اُبھارا اور اُن سے اپیل کی کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور اوقات کو موبائیل ، یو ٹیوب وغیرہ پر ضائع کرنے کے بجائے سیرت طیبہ پر عمل آوری کے ذریعہ اُمت اور ملت میں ایک تعمیری و مثبت انقلاب کا ذریعہ بنیں۔ ان کے علاوہ مولانا مفتی امجد علی قاسمی نے بھی مخاطب کیا جبکہ اس جلسہ کی کارروائی مولانا عبدالقوی حسامی مکتھل نے انجام دی ۔ حافظ و قاری نظام الدین نلگنڈہ کی قرأت اور معروف نعت خواں حافظ عبدالعزیز نے نعت شریف کے ذریعہ عوام کو محظوظ کیا ۔ اس جلسہ کو اے ایس پی محترمہ پی مونیکا آئی پی ایس نے بھی مخاطب کیا اور خواتین کو بہترین شہری کی حیثیت سے ایک مثالی زندگی گذارنے کی ترغیب دی اور اپنے ماتحت عہدیداروں کے ساتھ بحسن و خوبی انتظامات کی نگرانی کی جبکہ جلسہ کے خاتون منتظمین نے میڈم کی گلپوشی کرتے ہوئے اُنھیں تہنیت پیش کی ۔ اس موقع پر صدر عیدگاہ سید عظیم الدین ، حافظ طیب ، خواجہ معین الدین ، راحت ، محمد شبیر ، محمد اسمٰعیل ، مولانا فاروقی ، نذیرالدین ، قاری حبیب الدین ، مولانا سید ماجد علی قاسمی ، مولانا عمر خان ، مولانا توصیف قاسمی ، حافظ محمد کمال الدین ، مرتضیٰ حسین ، مفتی غوث احمد ، محمد عتیق ، محمد یونس ، محمد الیاس پٹیل ، حافظ علیم الدین ، محمد مبشر اور الیاس بابا کے علاوہ مدرسہ مصباح العلوم کے قدیم طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ اس کے علاوہ مہمان علماء کرام میں مولانا قاری عبدالصبور بیابانی اور مولانا مفتی عبداللہ بانعیم مظاہری بھی موجود تھے۔