ڈاکٹر منموہن سنگھ کو مہاراشٹرا کانگریس کا خراج
ممبئی: ڈاکٹر منموہن سنگھ کی قیادت میں نہ صرف ہندوستان نے معاشی میدان میں ترقی کی، بلکہ اقلیتوں، خصوصاً مسلمانوں کیلئے انصاف اور برابری کے اصولوں پر مبنی سیاست کی ایک شاندار مثال قائم ہوئی۔ان کے انتقال سے ملک کے مسلمان ایک اقلیت دوست رہنما سے محروم ہوگئے ۔ ان خیالات کا اظہار مہاراشٹرا کانگریس کے کارگزار صدر و سابق وزیر محمد عارف نسیم خان نے کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دور اقتدار میں ہی مسلمانوں کے حالات کا مطالعہ کرنے والی سچر کمیٹی کی رپورٹ نے ہندوستانی مسلمانوں کی پسماندگی کو بے نقاب کیا اور ان کی ترقی کیلئے ایک عملی منصوبہ پیش کیا نیز ڈاکٹر منموہن سنگھ نے ان سفارشات کو محض کاغذی دستاویز نہیں رہنے دیا بلکہ ان پر عملدرآمد کیلئے کئی اہم اقدامات کیے ۔ انہوں نے مسلمانوں کی تعلیم، صحت، اور روزگار کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ایسے منصوبے بنائے جو آج بھی ان کے ویژن کی گواہی دیتے ہیں۔ مسلمانوں کیلئے مخصوص اسکالرشپ، تعلیمی اداروں کی جدید کاری، اور ان کے روزگار کے مواقع بڑھانے جیسے اقدامات ان کی اقلیت دوستی اور انصاف پسندی کی واضح مثال ہیں۔ یہ اقدامات مسلمانوں کو عزتِ نفس اور وقار کے ساتھ جینے کا حق دلانے کی کوشش تھی، جس کیلئے وہ ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے ۔
منموہن سنگھ کو آر جے ڈی کا خراج عقیدت
پٹنہ: سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے انتقال کے سوگ میں آج راشٹریہ جنتا دل کے ریاستی دفتر پر جھنڈا آدھا جھکا دیا گیا اور تعزیتی اجلاس منعقد کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔آر جے ڈی کے قومی صدر لالو پرساد یادو نے جمعہ کو کہا کہ ڈاکٹر سنگھ کی قیادت والی یو پی اے حکومت کی مدت کار میں میں نے ریلوے میں تبدیلی کی اور اس میں ان کی مکمل حمایت حاصل ہوئی۔ ریلوے مسافروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی ٹرین دی اور ریلوے کرایوں میں کمی کے ساتھ ساتھ مسافروں کی سہولتوں کیلئے جو بھی اقدامات کیے گئے اس میں ڈاکٹر سنگھ کا بھرپور تعاون اورساتھ ملا۔ ملک نے ایک محنتی، دیانتدار اور ترقی پسند رہنما کھو دیا ہے ۔اپوزیشن لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے کہا کہ ڈاکٹر سنگھ کے ویژن اور سوچ کے سبھی قائل تھے۔
ڈاکٹر منموہن سنگھ کو کانگریس ورکنگ
کمیٹی کا خراج ، تعزیتی قرارداد منظور
نئی دہلی: کانگریس کی اعلیٰ ترین پالیسی ساز تنظیم کانگریس ورکنگ کمیٹی نے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ پارٹی اقتصادی ترقی کے ان کے متعین کردہ نمونوں کو آگے بڑھانے کیلئے کام کرے گی۔ کمیٹی نے سابق وزیر اعظم کے اقتصادی ترقی کے کاموں کو آگے بڑھانے کا عہد کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر سنگھ کی قیادت اور اقتصادی میدان میں ان کے تعاون کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور اقتصادی ترقی اور خوشحالی میں ان کی شراکت ہمیشہ متاثر کن رہے گی۔ڈاکٹر سنگھ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقدہ سی ڈبلیو سی میٹنگ میں پارٹی کے صدر ملک ارجن کھرگے، سی پی پی لیڈر سونیا گاندھی، راہول گاندھی، پرینکا گاندھی و دیگر موجود تھے۔
کرناٹک میں کنونشن کے مقام پر منموہن سنگھ
کو خراج عقیدت
بیلگاوی: کانگریس کی کرناٹک یونٹ نے جمعہ کو سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا۔. پارٹی رہنماؤں نے اس جگہ پر خراج عقیدتپیش کیا جہاں مہاتما گاندھی کی زیر صدارت 1924 کے انڈین نیشنل کانگریس کنونشن کی صد سالہ تقریبات کے لیے بڑی کانفرنس کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ڈاکٹرمنموہن سنگھ کا جمعرات کو دیہانت ہو گیا۔کانگریس کے صدر ملیکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی سمیت کئی کانگریسی رہنماؤں نے جمعرات کو صد سالہ تقریبات کے ایک حصے کے طور پر منعقدہ کانگریس ورکنگ کمیٹی کے توسیعی اجلاس میں شرکت کی۔وہ آج یہاں ’’ جئے باپو، جئے بھیم ، جئے دستور ‘‘نام سے ایک بہت بڑی کانفرنس سے خطاب کرنے والے تھے لیکن سابق وزیر اعظم سنگھ کے دیہانت کے بعد یہ تقریب منسوخ کر دی گئی۔کھرگے، راہول گاندھی اور دہلی کانگریس کمیٹی کے کئی رہنما دہلی واپس آگئے ہیں۔وزیر اعلیٰ سدارامیا، نائب وزیر اعلیٰ اور کانگریس اسٹیٹ یونٹ کے سربراہ ڈی کے شیوکمار، ریاستی وزراء اور ایم ایل ایز اور دیگر رہنماؤں نے میگا کانفرنس کے لیے طے شدہ مقام پر سنگھ کی تصویر کو خراج عقیدت پیش کیا۔سدارامیا نے اپنے خطاب میں کہاکہ منموہن سنگھ ایک عظیم ماہر معاشیات اور بہت منکسرالمزاج شخص تھے۔
اڈانی کی منموہن سنگھ کے دیہانت پر تعزیت
نئی دہلی:معروف صنعت کار اور اڈانی گروپ کے سربراہ گوتم اڈانی نے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے دیہانت پر تعزیت کا اظہار کیا۔ اڈانی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا ‘‘تاریخ 1991 کی اقتصادی اصلاحات میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کے اہم کردار کے لیے ان کا ہمیشہ احترام کرے گی’’۔ ان کے اصلاحی اقدامات نے ہندوستان کو ایک نئی شکل دی اور ملک نے دنیا کے لیے اپنے دروازے کھول دیے ۔ڈاکٹر سنگھ اپنی غیر معمولی قائدانہ صلاحیتوں، منکسرالمزاج اور ملک کی خدمت سے آنے والی نسلوں کو ترغیب دیتے رہیں گے ۔
منموہن سنگھ کا تعاون ہمیشہ یاد رکھا جائے گا : آر ایس ایس
ناگپور: راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے سابق وزیرِ اعظم منموہن سنگھ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشہور ماہرِ اقتصادیات ڈاکٹر من موہن سنگھ کے تعاون کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ نے ‘ایکس’ پر ایک پیغام میں آر آر ایس چیف ڈاکٹر موہن بھاگوت اور جنرل سکریٹری دتاریہ ہوسابلے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، “ہندوستان کے سابق وزیرِ اعظم اور ملک کے بزرگ رہنما ڈاکٹر سردار منموہن سنگھ کے انتقال سے پورا ملک گہرے غم میں ڈوبا ہے ۔ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ ان کے خاندان اور بے شمار عزیزوں اور مداحوں کے ساتھ اپنی گہری ہمدردی کا اظہار کرتا ہے ۔راشٹریہ سویم سیوک سنگھ نے کہاکہڈاکٹر منموہن سنگھ ایک عام پس منظر سے آنے کے باوجود ملک کے سب سے بلند عہدے پر فائز ہوئے ۔ مشہور ماہرِ اقتصادیات ڈاکٹر سنگھ کا ہندوستان کے لیے جو کردار ہے ، وہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔