بچوں کی تعلیم میں لاپرواہی نہ کرنے کی خواہش ۔ اسراف سے بچنے پر زور ، ناگرکرنول میں جناب عامر علی خان کا اظہارِ خیال
’’سیاست صرف اخبار نہیں بلکہ ملت کے مسائل کے حل اور رہنمائی کیلئے ایک ادارہ ہے‘‘
ناگرکرنول ۔14 اکتوبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامرعلی خان ایم ایل سی نے ناگرکرنول کا دورہ کرتے ہوئے ڈی سی سی انتخابات کے مختلف پروگراموں میں حصہ لیا۔ محمد مبین احمد خان اسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست ناگرکرنول و صدر انتظامی کمیٹی ناگرکرنول نے اس موقع پر جناب عامر علی خان آل انڈیا کانگریس پارٹی مبصر سے ملاقات کرتے ہوئے ملّی مسائل پر تفصیلی گفتگو کی۔ جناب محمد مبین احمد خان نے ناگرکرنول کے مسلمانوں کے معاشی مسائل سے واقف کراتے ہوئے بتایا کہ مسلمانوں کی ایک بڑی تعد اد یومیہ کاروبار یا یومیہ اُجرت پر کام کرتے ہوئے زندگی بسر کرتی ہے۔ اُنہیں اقلیتی فینانس کارپوریشن سے قرض کی فراہمی ان کے کاروبار کے فروغ کے لئے کافی ممدوومعاون ثابت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں عوام میں بھی شعورکوبیدار کرنے کی کافی ضرورت ہے۔انہوں نے ضلع بھر کے مسلمانوں کے معاشی ، تعلیمی اورسیاسی حالت کا ذکرکرتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں مسلمانوں میں بعض اچھے تاجر اور خوشحال زندگی بسر کرنے والے ہیں لیکن اکثرمسلمانوں کی معاشی حالت ابتر ہے جبکہ تعلیمی میدان میں جہاں ملت کے فرزندان اعلیٰ تعلیم کے حصول کے ذریعہ ملازمتوں کو حاصل کررہے ہیں لیکن بات ان بچوں کی ہے جوتعلیم کے بعد ملازمتوں کے حصول سے ناامیدہوکر ترک تعلیم کرنے پر مجبور ہیں۔ ان بچوں کے لئے مستقر میں شعور بیدار پروگراموں کے انعقاد کے ذریعہ ان کے حوصلوں کی افزائش اور تعلیم کی طرف راغب کرنے کی ضرورت ہے۔ مسلمانوں کو سیاسی میدان میں بھی خاطر خواہ حصہ ملنے پر ملی مسائل کے حل کے لئے نمائندگی کرنے میں مددملے گی۔ مندرجہ بالا مسائل پرمسلمان اور ملت کے بچوں کے شعور کو بیدار کرنے کے لئے انہوں نے جناب عامر علی خان سے اپنی سرپرستی میں ملی مسائل پر شعور بیدار پروگرام کے ذریعہ رہنمائی کرنے کی درخواست کرنے پر جناب عامر علی خان نے مجوزہ پروگرام میں شرکت کا تیقن دیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ بقول ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد خان صاحب کے سیاست صرف اخبار نہیں بلکہ ملت کے مسائل کے حل اور رہنمائی کے لئے ایک ادارہ ہے، ادارہ سیاست کی جانب سے ملت کے مسائل کے حل کے لئے جو خدمات انجام دئے جارہے ہیں وہ اظہر من الشمس ہیں لہٰذا ان خدمات سے ضلع ناگرکرنول کے مسلمانوں کو بھی استفادہ کا موقع فراہم کرنے کی درخواست کی۔انہوں نے اس موقع پر اردو صحافیوں کو اکریڈیشن کمیٹی میں شامل نہ کرنے کی شکایت کرتے ہوئے اس سے متعلق نمائندگی کرنے کی درخواست کی۔جناب عامر علی خان نے محمد مبین احمد خان کے تمام باتوں کو سن کر مسلمانوں کو اپنے ملی مسائل کے یکسوئی کے لئے سب سے پہلے اتحاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلمان اپنے مکاتب فکرکو بالائے طاق رکھ کربلا تفریق مسلک اتحاد اتفاق کے ذریعہ مسلمانوں کے مسائل کی یکسوئی اور دیگر امور پر سیاسی نمائندگی کے لئے ایک بہترین پلاٹ فارم بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اتحاد ہی ایک ایسی طاقت ہے جو حکومتوں سے اپنے مسائل کوحل کرواسکتی ہے۔انہوں نے مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کی تعلیم کے معاملے میں کسی قسم کی لاپرواہی نہ برتیں اور بے جا اسراف سے بچتے ہوئے اپنی کمائی کو بچاکر اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم دلوائیں۔