مسلمان اپنے اوقات کی حفاظت کریں

   

حسامیہ کیلنڈر کی رسم اجرا ، مولانا محمد نعیم الدین حسامی عادل کا خطاب
حیدرآباد ۔ 5 ۔ جنوری : ( راست ) : مولانا محمد زعیم الدین حسامی کے بموجب حسامیہ کیلنڈر 2022 کا رسم اجرا صدر سراج العلماء اکیڈیمی مولانا محمد نعیم الدین حسامی عادل کے ہاتھوں عمل میں آیا ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مولانا محمد نعیم الدین حسامی عادل نے مسلمانوں سے خواہش کی ہے کہ وہ خوشی کے موقع پر اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول والے اعمال کریں اور برے کاموں سے دور رہیں اور اپنی زندگی کے اوقات کی حفاطت کریں ۔ مولانا نے کہا کہ رضائے الہٰی کے حصول کے لیے اعمال صالحہ ضروری ہے ۔ خیال رہے کہ جوابدہی لازماً ہونے والی ہے اور کہا کہ رب کائنات نے جو بھی تخلیق فرمائی ہے اس کا مقصد ضرور ہے ۔ بے مقصد کوئی بھی عمل نہیں ہوتا ۔ انسان کو تو اللہ تعالیٰ نے اپنی تمام تخلیقات میں اشرف بنایا ہے اور اس کو عقل اور فہم عطا فرما کرنیکی اور بدی کو سمجھنے کی صلاحیت ودیعت فرمادی ہے ۔ لہذا مرد ہو کہ عورت اللہ کی رضا مندی حاصل کرنے کے لیے نیک کام کرتے رہیں اور غیر شعوری طور پر ہونے والے گناہوں کی معافی مانگتے رہیں ۔ آخر میں مولانا نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے سال 2022 کو سارے عالم کے لیے امن و خوش حالی کا سال بنادے اور موجودہ کورونا وائرس و دیگر وبائی امراض سے ہم سب کی حفاظت فرمائے ۔ آمین ۔ اس موقع پر معتمد اکیڈیمی مولانا محمد زعیم الدین حسامی ، مولانا محمد سہیم الدین حسامی اور قاری محمد صمصام الدین حسامی بھی موجود تھے ۔ خواہش مند حضرات دفتر اکیڈیمی حسامیہ منزل پنجہ شاہ اور حسامیہ نونہال ہائی اسکول یاقوت پورہ سے مفت کیلنڈر حاصل کرسکتے ہیں ۔۔