مسلمان تمام انسانوں کو ایک ماں باپ کی اولاد مانتے ہیں

   

نئی دہلی: آل انڈیا مسلم مجلس کے صدر پروفیسر ڈاکٹر بصیر احمد خان نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے سربراہ موہن بھاگوت کے ماب لنچنگ کے خلاف دئیے گئے بیان پرردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بیان کی حقیقت اس وقت سامنے آئے گی جب سنگھ پریوار سے وابستہ تنظیمیں جیسے بجرنگ دل او رہندو یوا داہنی مسلمانوں اور اسلام کے خلاف زہریلے بیانات دے کران کے خلاف ہندوؤں کو بھڑکانا بند کردیں گے ۔ انہوں نے آج یہاں جاری بیان میں کہا کہ گودی میڈیا کے ذریعے ان بیانات کی تشہیر کرکے ماب لنچنگ کیلئے ماحول تیار کیا جاتا ہے آر یس ایس کا دعویٰ ہے کہ ان کی تنظیم سخت ڈسپلن کی پابند ہے اور موہن بھاگوت سنگھ پریوار کے فیملی ہیڈہیں لہٰذا ان کے بیان کے خلاف بی جے پی کی حکومت ہرگز کام نہیں کرسکتی کیونکہ سنگھ کے سویم سیوک ہی اس وقت بر سراقتدار ہیں۔ اگر ماب لنچنگ نہیں روکی گئی تو یہ سمجھا جائے گا کہ یہ بیانات پوری دنیا میں ہندوستان کی بدنامی پر لیپاپوتی کرنے کی کوشش ہے جہاں تک مسلمانوں کے خلاف دھمکی بھرے بیانات اور ماب لنچنگ کی غیر انسانی اور غیر قانونی ورادات کو سوشل میڈیا پر وائرل کرکے مسلمانوں کو خوف زدہ کرنے کی مذموم سازش کا معاملہ ہے تو ہم اللہ پر بھروسہ کرتے ہوئے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ ہم ایک ہزار سال سے زیادہ عرصے سے اس ملک میں اپنے مذہب اور تہذیب کے ساتھ رہ رہے ہیں اور رہتے رہیں گے ۔