مسلمان تمام شرائط کے ساتھ مساجد میں نماز ادا کریں

   

مساجد کھولنے کے اعلان کا خیرمقدم، ڈاکٹر یوسف حامدی کا بیان
حیدرآباد۔/7 جون، ( پریس نوٹ ) ڈاکٹر یوسف حامدی معتمد عمومی کُل ہند مجلس تعمیر ملت نے حکومت ہند کی جانب سے 8 جون سے مساجد کو کھول دینے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے عائد کردہ شرائط پر عمل کریں تاکہ حالات بگڑنے کی ذمہ داری مسلمانوں پر عائد نہ کی جائے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ کورونا وباء کے پیش نظر طویل عرصہ سے لاک ڈاؤن نافذ ہے جس کی وجہ سے عوام کو مختلف دشواریوں کا سامنا تھا تاہم حکومت نے بتدریج بازار کھولنے کا اعلان کیا لیکن عبادت گاہوں پر پابندی برقرار تھی۔ اب حکومت ہند نے 8 جون سے مشروط طور پر مساجد و منادر کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ کل ہند مجلس تعمیر ملت اس اعلان کا خیرمقدم کرتی ہے اور ساتھ ہی تمام مسلمانوں سے اپیل کرتی ہے کہ حکومت نے جو شرائط عائد کی ہیں ان کی پابندی کی جائے۔ حکومت نے سماجی فاصلوں کو برقرار رکھنے کو بنیادی ترجیح دی ہے تاکہ کورونا کی وباء مزید پھیلنے نہ پائے۔ اس کے علاوہ مسجد میں جانمازیں ہٹادی جائیں گی اس لئے مصلیان کرام اپنی جانمازیں ساتھ لے جائیں ۔ گھروں سے طہارت اور وضو بناکر جائیں۔ مسجد میں داخل ہونے سے پہلے صابن سے ہاتھ دھولیں، سماجی دوری کے اُصول کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایک قطار میں مسجد میں داخل ہوں اور مسجد سے اسی طرح باہر نکلیں۔ مصافحہ اور معانقہ سے پرہیز کریں۔ مسجد کے طہارت خانے اور وضؤ خانے استعمال نہ کریں۔ ڈاکٹر یوسف حامدی نے کہا کہ تمام مصلیان ان باتوں کا خیال رکھیں۔ مسجد میں فرض ادا کریں اور سنت و نوافل گھروں پر ادا کریں۔