حضور اکرمؐ کے سنت پر عمل پیرا ہونے کی تلقین ، محمد محمود علی اور سلیمان کاکڑ کا خطاب
حیدرآباد۔یکم نومبر(سیاست نیوز) اسلام کالبادہ اوڑہ کر دیگر مذاہب کے ساتھ بدسلوکی کرنے انہیںبرابھلا کہنا ‘ اسلام کا شیوہ نہیںہے ‘ دنیا میںاگر اسلام پھیلا ہے تو اخلاق اور کردار سے پھیلا ہے ‘ پیغمبر اسلامؐ کے اخلاق وکردار سے متاثر ہوکر لوگوں نے اسلام قبول کیا‘ تلوار کے زور پر نہیںبلکہ پیغمبر اسلام کے اسوہ حسنہ سے دنیا میں اسلام پھیلا ہے۔ وزیرداخلہ محمد محمودعلی نے جلسہ رحمت العالمینؐ سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیاہے ۔ تلنگانہ مہیلا سنگٹھن کے زیراہتمام سالار جنگ میوزیم میں پیغام انسانیت کے عنوان پر منعقدہ جلسہ رحمت العالمینؐ سے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے جناب محمد محمودعلی نے کہاکہ اسلام کے نام پر نفرت پھیلانے کی ہر گز کسی کو اجازت نہیں ہے اور نہ ہی مذہب اسلام نفرت کی تعلیم دیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کو خدمت خلق کا جذبہ رکھنے والی قوم کے نام سے یاد کیاجاتا ہے ۔ حصول علم پر زوردیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم سے دوری قوموں کی تباہی کاسبب بنتی ہے ۔ تعلیم کوقیمتی زیورقراردیتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہاکہ حکومت نے اقلیتوں کی ناخواندگی کو دور کرنے کے لئے اقامتی اسکولوں کا قیام عمل میں لایا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مذہب اسلام عورتوں او رلڑکیوں کے ادب واحترام کا ہمیںدرس دیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر مسلمان اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنا چاہتے ہیںتو ہمیں سرکاردوعالمؐ کی سنت پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے ۔ قونصلیٹ جنرل افغانستان متعین حیدرآباد سلیمان کاکڑ نے اسلام کو پیغام صلح‘ امن ‘ عدالت ‘ بھائی چارہ ‘ کا مذہب قراردیا اورکہاکہ جب تک ہم اپنے رسول مقبولؐ کے سیرت مبارکہ پر عمل پیر ا نہیںہوںگے تب تک سرکار دوعالم ؐ کی شفاعت ہمیں میسر نہیں ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ دنیا اور اخرت میںسرخروئی کے لئے ہمیںنبی دوجہاںؐ کے بتائے ہوئے راستوں پر چلنے کی ضرورت ہے۔ مولانا عتیق الرحمن ندوی‘ مولانا شوکت ثنا قاسمی نے بھی خطاب کیا۔ جلسہ کا آغازقاریہ امتہ الغفور صادقہ کی قرآت کلام پاک سے ہوا اور شاعر ماجد دیوبندی نے جلسہ کی کاروائی چلائی جبکہ بیرونی شاعر افضل منگلوری کے ساتھ بارگاہ رسالت مآب صلی اللہ وعلیہ سلم میں نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا۔ اس موقع پر منتظمین کی جانب سے مہمان خصوصی جناب محمد محمودعلی اور قونصلیٹ جنرل افغانستان متعین حیدرآباد سلیمان کاکڑ کو تہنیت پیش کی گئی۔ جنا ب عدنان سالم نے نعتیہ کلام پیش کیاجبکہ رقیہ خانم نے تمام شرکاء کا استقبال اورشکریہ ادا کیا۔ شہہ نشین پر جناب کبیر صدیقہ ‘ جویریہ صدیقی اور تلنگانہ مہیلا سنگٹھن کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔