حیدرآباد: مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ عیدالفطر کے موقع پر اپنے گھروں میں انفرادی طور پر نماز چاشت یا نماز شکرانہ کا اہتمام کریں۔ انہوں نے اپنی اپیل میں کہا کہ ملک کے موجودہ حالات اور لاک ڈاؤن تحدیدات کے سبب کسی بھی طبقہ کے لئے عوامی اجتماع کی اجازت نہیں ہے ۔ مسلمانوں سے خواہش کی جاتی ہے کہ وہ عیدگاہوں یا مساجد میں اجتماعات منعقد نہ کریں اور اپنے اپنے گھروں میں انفرادی طور پر نماز چاشت یا نماز شکرانہ کا اہتمام کریں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی تکبیر بیان کریں اور اللہ کے ذکر و شکر کو جاری رکھیں۔ نماز چاشت کی کم سے کم دو اور زیادہ سے زیادہ 12 رکعتیں ہیں۔ چاشت کا وقت آفتاب کے اچھی طرح نکل آنے کے بعد سے زوال تک ہے۔ مفتی خلیل احمد نے دعاء کی ہے کہ اللہ تعالیٰ رحم و کرم کا معاملہ فرمائے اور انسانیت کو ان حالات سے نجات عطا کرے۔