مسلمان متحدہ طورپر صرف کانگریس کو ووٹ دیں

   

بی آر ایس کو ووٹ دینا ، بی جے پی کو ووٹ دینے کے مترادف : جمال شریف

جنگاؤں ۔30 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آلیر اسمبلی حلقہ پر محمد جمال شریف ایڈوکیٹ و انچارج بھونگیر پارلیمنٹ حلقہ کانگریس پارٹی میناریٹی نے مختلف تنظیموں اور کانگریس آئی قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ ہر مسلمان کا دانشمندی کے ساتھ ووٹنگ میں حصہ لینا ضروری ہے ۔ 10 سالہ مودی دورِ حکومت میں ہندوستان کے مسلمانوں کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے ۔ کئی مسائل کو اُچھال کر ہندوستان کی سیکولر فضاء کو فرقہ پرست پارٹیوں نے خراب کیا ہے ، اس لئے تلنگانہ کے تمام مسلمان متحدہ فیصلہ لیتے ہوئے کانگریس پارٹی کے حق میں ووٹ دیں۔ کانگریس کے علاوہ کسی بھی دوسری سیاسی پارٹی کو ووٹ دیں گے تو اس کا راست فائدہ بی جے پی کو ہوگا ۔ بی آر ایس پارٹی کو بھی ووٹ دیں گے تو اس کا فائدہ بی جے پی کو ہوگا ۔ مسلمان کے ووٹ تھوڑے کانگریس اور بی آر ایس کے حق میں دیئے جائیں تو سیدھا بی جے پی کو فائدہ حاصل ہوگا ۔محمد جمال نے تمام مسلم اور سیکولر رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ایک ایک ووٹ کا استعمال کریں اور فرقہ پرستوں کے منصوبوں کو ناکام بنادیں۔ بھونگیر پارلیمنٹ حلقہ کے تحت کئی ایک اسمبلی حلقہ جات میں مسلمانوں کے ووٹ ہیں اس کا صحیح استعمال ہونا ضروری ہے ۔ رائے دہندے اپنے اپنے ووٹ کا ضرور استعمال کریں۔ بھونگیر پارلیمنٹ حلقہ کے تمام مسلمان متحد ہوکر کانگریس پارلیمنٹ امیدوار چاملا کرن کمار ریڈی کو ووٹ دیں گے تو ضرور اس حلقہ سے کانگریس کی کامیابی ہوگی ۔ خاتون رائے دہندوں بالخصوص مسلمان ماؤں اور بہنوں سے گذارش ہے کہ اپنے حق رائے دہی کا بھرپور استعمال کریں اور سیکولر حکومت بنانے کیلئے آپ لوگ تعاون کریں۔ کرن کمار ریڈی ایک سیکولر ذہن کے قائد ہیں۔ ہندوستان میں بی جے پی کے 10 سالہ دورِ حکومت میں کچھ نہیں ہوا صرف قیمتوں میں اضافہ ہوا ۔ مسجد ۔ مندر کے نام پر ووٹ حاصل کیا گیا ۔ ہندوستان کے عوام بیروزگاری سے پریشان ہیں۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ۔ تمام مسمانوں سے اپیل ہے کہ کانگریس پارٹی کے حق میں ووٹ دیں ۔ اس موقع پر بابا ، جہانگیر ، اعجاز ، مقصود ، رافع متین ایڈوکیٹ ، احمد ، محبوب ، مصطفی اور دوسرے موجود تھے ۔