مسلمان وفادار اور سنگھی غدار رہے ہیں ،مسلم ٹیچر معطل!

,

   

لکھنو: اتر پردیش کے سون بھدرا ضلع میں ایک سرکاری اسکول ٹیچر کو پہلگام دہشت گردانہ حملہ کے خلاف اور ہندوستانی مسلمانوں کی حب الوطی ظاہر کرنے سے متعلق سوشل میڈیا پر پوسٹ کے بعد نوکری سے معطل کردیا گیا۔ میڈیا کے مطابق ٹیچر، زیبا افروز پر فرقہ وارانہ تبصرے کا الزام ہے، لیکن بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ ان کے فیس بک پوسٹ کی غلط تشریح کی گئی ۔ انہیں غیر ضروری نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ ان کی پوسٹ حب الوطنی کو ظاہر کرتی ہے اور فرقہ پرستوں کے خلاف تھی۔چوپان بلاک پرائمری اسکول مالوگھاٹ کی اسسٹنٹ ٹیچر زیبا نے اپنی اب حذف شدہ پوسٹ میں لکھا تھا کہ ملک کے وفادار ہمیشہ سے مسلمان رہے ہیں، غدار ہمیشہ سنگھی رہے ہیں۔ انہوں نے آگرہ میں گلفام نامی نوجوان کے قتل کی بھی مذمت کی، جس کا انہیں خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے۔اگرچہ پوسٹ کا مقصد ہندوستانی مسلمانوں کی وفاداری کو ظاہر کرنا تھا اور فرقہ پرست جو ملک کو کمزور کررہے ہیں، انہیں تنقید کا نشانہ بنانا تھا، لیکن کچھ کٹر ہندوتوا وادیوں نے پوسٹ کو اشتعال انگیز قرار دیا، جس کے بعد زیبا کو نوکری سے معطل کردیا گیا۔