مسلمان پنج وقتہ نمازوں سے مساجد کو آباد کریں

   

ظہیرآباد میں مسجد رقیہ کا افتتاح، اعجاز محی الدین وسیم، مفتی عامر قاسمی و دیگر کا خطاب

ظہیرآباد۔ 11؍فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ مساجد وہ مراکز ہیں جہاں اللہ کا ذکر بلند کیا جاتا ہے۔ اللہ ہر چھوٹے عمل کو بڑا بناکر قبول فرماتا ہے۔ مسجد بننے کے بعد اس کی حفاظت ضروری ہے جس کے لئے محلہ کا ہر فرد اپنے بچوں کو نماز کا حکم دے اور خود بھی پنجوقتہ کا نمازی بن جائے۔ ان خیالات کااظہار ظہیرآباد میں واقع موسی نگر کالونی کے حدود میں تعمیر کردہ مسجد رقیہ کی افتتاحی تقریب سے جناب محمد اعجاز محی الدین وسیم صدر و خطیب مسجد عزیزیہ مہدی پٹنم حیدرآباد نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسجد کے انتظامیہ کو اللہ کی ذات اور آخرت پر کامل ایمان ہونے کے ساتھ ساتھ پنچوقتہ نماز مسجد میں ادا کرنے کی پابندی کرنا ہوگا۔ مسلمان کو اللہ کے سواء کسی سے نہیں ڈرنا چاہئے۔ یہ اہم ترین صفات میں سے ایک ہے ۔ مسلمانوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ جائیدادیں بنانے، قیمتی گاڑیاں خریدنے سے اپنے مرحومین کو کچھ بھی نہیں ملتا ۔ اس کے برعکس آپ کا نیک عمل اور مساجد کی تعمیر میں آپ کا حصہ ان کی مغفرت کا ذریعہ بنے گا جس کا فائدہ آنے والی نسلوں کو بھی پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ نماز کی شروعات حضرت ابراہیم علیہ السلام کی قربانی سے ہوئی۔ خانہ کعبہ کی تعمیر کے بعد حضرت ابراہیم علیہ السلام نے دعا کی کہ اس جنگل و بیابان میں خالصتاً اللہ کی عبادت ہو اور اسلامی نظریہ غالب آئے اور باطل فراری اختیار کرے۔ اس افتتاحی تقریب سے مولانا مفتی عامر رحمانی قاسمی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ افتتاحی تقریب کا آغاز حافظ محمد شعیب تیمی کی قرأت کلام پاک سے ہوا جب کہ خواجہ نظام الدین نے نظامت کے فرائض انجام دیئے اور محمد عمر فاروق نے تشکر کا اظہار کیا۔ اس موقع پر رقیہ ویفلیر سوسائٹی کے صدر محمد عمر فاروق نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا اور ترتیب دیئے گئے ظہرانہ میں شرکا ء کی مہمان نوازی بھی کی۔ اس تقریب میں حسین شہید حیدرآباد ، محمد ناظم الدین غوری امیر مقامی ، شیخ فرید ، محمد تنویر ، حنان جاوید ، محمد ایوب احمد ، محمد یوسف ، محمد سیف الدین غوری ، محمد معز الدین ، محمد فاروق علی ، محمد رفیع الدین صدر خدمت بنک ، قاضی سید معزالدین ، محمد عبدالستار اور دیگر نے شرکت کی۔