سینئرکانگریسی قائداوراترا کھنڈ‘یوپی اورمیزورم کےسابق گورنرڈاکٹرعزیزقریشی نےکانگریس کی قیادت کو یہ باورکرایا ہےکہ مسلمان نہ تو کانگریس کا غلام ہے اورنہ ہی بندھوا مزدور۔ یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نےکہا کہ مدھیہ پردیش اورمرکزی کانگریسی قیادت کو یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہئے کہ اب مسلمان اپنی ذلت قطعی برداشت نہیں کرے گا۔ ڈاکٹرعزیزقریشی نےاس بات پر افسوس کا اظہارکیا کہ ضمنی انتخابات کے لئے صوبائی کانگریس نےاسٹارکمپینرکی جو فہرست جاری کی ہے‘ اس میں کسی بھی مسلمان لیڈرکا نام شامل نہیں ہے۔
انہوں نےکہا کہ شاید کانگریس کی قیادت یہ بھول گئی ہے صوبے میں پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات میں مسلمان ہی کانگریس پارٹی کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر تعجب اور افسوس کا اظہار کیا کہ شدت پسند ہندو تونظریات رکھنے والی بی جے پی کو خوش کرنے کے لئے مسلمانوں کو در کنار کیا جارہا ہے۔
ڈاکٹرعزیزقریشی نےمزید کہا کہ مرکزی اور صوبائی سطح کی پارٹی قیادت خود کو ضرورت سے زیادہ بڑا سمجھ رہی ہے۔ انہوں نےکہا کہ ان لوگوں نے کانگریس پارٹی پر پوری طرح قبضہ کرکےنہروگاندھی خاندان کو گمراہ کیا ہےاوریہی لیڈران آج کانگریس کے موجودہ بدترین حالات کےلئےذمہ دار ہیں۔
سابق ممبرپارلیمنٹ ڈاکٹرعزیزقریشی نےکہا کہ اب سے چالیس برس قبل جب وہ جنتا پارٹی کے دورحکومت میں لاٹھیاں کھا رہے تھے اورجیل بھروتحریک چلا رہےتھے، تب شاید آج کل کے بڑے کانگریسی لیڈران اپنے گھروندوں میں کھیل رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اب ایسےلیڈران کواپنی اوقات خود پہچاننا چاہئےاورجن لوگوں نے ماضی میں اندرا کانگریس اور اندرا گاندھی کےلئےاپنی جوخدمات دی ہیں‘ ان کا اعتراف کرتے ہوئےان کی عزت و توقیر کرنی چاہئے۔