مسلمان کرناٹک میں متحدہ رائے دہی کریں

   

کرناٹک کے امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر محمد سعد کی اپیل

حیدرآباد۔/7 مئی، ( سیاست نیوز) کرناٹک کے 10 مئی کو ہونے والے اسمبلی انتخابات میں فسطائی طاقتوں کو شکست دینے کیلئے مسلمانوں سے متحدہ طور پر رائے دہی میں حصہ لینے کی جماعت اسلامی نے اپیل کی ہے۔ کرناٹک جماعت اسلامی کے امیر ڈاکٹر محمد سعد بلگرامی نے کرناٹک کے اقلیتی رائے دہندوں کے نام پیام جاری کرتے ہوئے کہا کہ 10 مئی کو رائے دہی کے موقع پر ووٹ کا استعمال اپنی ملی اور دستوری ذمہ داری کی طرح کریں اور ووٹ کے استعمال میں کوتاہی سے فرقہ پرستوں کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے اقلیتی اور سیکولر رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ ووٹوں کی تقسیم روکنے کیلئے ایسے امیدوار کے حق میں متحدہ رائے دہی کریں جو فسطائی اور فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ ڈاکٹر محمد سعد نے کہا کہ جمہوریت میں الیکشن کسی تہوار سے کم نہیں اور عوام کو اپنی پسند کے حکمراں کے انتخاب کا موقع ملتا ہے۔ ووٹ کے استعمال میں کافی غور و خوض کی ضرورت ہے اور ہمارا مقصد فسطائیت اور فرقہ پرستی کو شکست دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فسطائیت اور جمہوریت میں ہمیں تفریق کرنی ہوگی۔ اسی طرح عدل و انصاف اور ظلم، لاقانونیت اور قانون کی بالادستی میں ہمیں بہتر کا انتخاب کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات یہ طئے کریں گے کہ کرناٹک میں دستور اور قانون کی حکمرانی رہے گی یا پھر گوڈسے اور ساورکر کے نظریات پر عمل ہوگا۔ کرناٹک میں اقلیتوں پر مظالم میں اضافہ ہوا ہے۔ حجاب، مسجد، مدرسہ، اذان، تعلیم اور تحفظات کے مسئلہ پر مسلمانوں کے خلاف فیصلے کئے گئے۔ بی جے پی نے انتخابی منشور میں یکساں سیول کوڈ اور این آر سی کا وعدہ کیا ہے۔ ڈاکٹر محمد سعد نے کہا کہ مخالف اسلام اور مخالف مسلم طاقتوں کو شکست دینا ہماری ذمہ داری ہے۔ر