مسلمان ہمت نہ ہاریں، تعلیم کے جوہر سے مستقبل کو روشن کریں

   


تاریخ و حالات کی بے باکی کے ساتھ ترجمانی ’’سیاست‘‘ کی پہچان، ورنگل میں تہذیبی پروگرام سے جناب عامر علی خان کا خطاب

l سیاست کے 75 سالہ جشن کی رنگارنگ تقریب
l حضرت خسرو پاشاہ، رکن اسمبلی ڈاکٹر ونئے بھاسکر اور دیگر معززین کی شرکت
l یادگار تمثیلی مشاعرہ، کامیڈی شو، صوفی میوزک نے سامعین کے چہروں پر خوشیوں کا خزانہ بکھیر دیا

ورنگل ۔ 25 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک میں اردو صحافت کے 200 سالہ اور حیدرآباد شہر سے کثیر الاشاعت اخبار روزنامہ سیاست کے 75 سالہ تکمیل پر ہنمکنڈہ ورنگل شہر میں روزنامہ سیاست کی بہترین خدمات پر سیاست کی جانب سے ایک رنگارنگ تقریب بڑے ہی دھوم دھام کے ساتھ زکریا فنکشن ہال، رائے پورہ ہنمکنڈہ کے وسیع و عریض ہال میں یادگار تمثیلی مشاعرہ و کامیڈی شو، صوفی میوزک منائی گئی جس میں جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست، ڈاکٹر ونئے بھاسکر چیف وہپ گورنمنٹ تلنگانہ، مولانا خسرو پاشاہ بیابانی متولی و سجادہ نشین درگاہ حضرت افضل بیابانی قاضی پیٹ اور حیدرآباد ورنگل سے ذی اثر شخصیات کے علاوہ مرد و خواتین، طلباء و طالبات اور نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ سامعین کی کثرت سے زکریا فنکشن ہال تنگ دامنی کا شکوہ کررہا تھا۔ جناب ایم اے نعیم رپورٹر روزنامہ سیاست ورنگل نے حیدرآباد سے آئے مہمانان، فنکار اور شرکاء کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ سیاست کے زیر اہتمام کامیڈی شو و صوفی میوزک کے ذریعہ ریاست تلنگانہ میں خوشیوں کا خزانہ بکھیرا جارہا ہے۔ اس بات کی امید ہے کہ اس صوفی سنگیت اور محفل خزانہ کو مدتوں زمانہ یاد رکھے گا جو حقیقت میں ہنمکنڈہ میں رات بھر اس کی عکاسی کررہا تھا۔ انہوں نے فنکاروں کا تعارف کروایا اور کہا کہ جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کا اس پروگرام میں شہر ورنگل پہنچنا اہلیان ورنگل کے لئے بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ سیاست کے تعاون و اشتراک سے تعلیمی، سماجی، طبی یہاں تک اقلیتوں میں آسانی کے لئے بھی رہنمائی کی جارہی ہے اور اس کی عمل آوری کی جارہی ہے۔ جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے کہا کہ سیاست کا جو پودا مرحوم عابد علی خان اور محبوب حسین جگر نے 75 سال قبل لگایا تھا وہ ایک درخت کی شکل اختیار کرچکا ہے۔ اس دوران ملک کو جن تاریخ اور حالات سے گذرنا پڑا اخبار نے اپنے صفحات پر اسے قلمبند کرتے ہوئے بے باکی سے روشناس کروایا اور کررہا ہے۔ انہوں نے جنگ آزادی میں مسلمانوں نے جس دلیرانہ انداز سے انگریزوں کے خلاف جنگ کی اس پر روشنی ڈالی اور کہا کہ اس کشاکش سے خوف کھاکر جو لوگ پاکستان جانا چاہ رہے تھے وہ چلے گئے اور جو مسلمان یہاں رہ کر ڈٹ کر مقابلہ کیا اور کررہے ہیں ان کے عزائم کو سلام کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہند کی جانب سے اچھے دن کی بات کی جارہی ہے وہ صرف خام خیالی ہے۔ آج اس ملک کو آزاد ہوئے 75 سال ہوچکے ہیں مگر ابھی تک اس ملک نے مختلف میدانوںمیں کوئی خاطر خواہ ترقی نہیں کی۔ مسلمان ہمت نہ ہاریں، تعلیم و ٹکنالوجی اور سائنسی میدان میں ترقی کریں تاکہ ان کا مستقبل درخشاں ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں مڈیسن کے میدان میں جن مسلم طلباء و طالبات نے اعلیٰ نمبرات حاصل کرتے ہوئے ایم بی بی ایس میں داخلے لئے ان 603 طلباء و طالبات کی رہبری و رہنمائی کی گئی۔ انہوں نے ورنگل کی سرزمین کو تعلیمی سرزمین قرار دیا جہاں پر عرصہ دراز سے ریجنل انجینئرنگ کالج، انجینئرنگ، میڈیکل کالج و یونیورسٹی قائم ہے۔ ڈاکٹر ونئے بھاسکر گورنمنٹ وہپ جو سیاست کے پروگرام میں شریک تھے تمثیلی مشاعرہ، کامیڈی شوز اور صوفی میوزک سے لطف لیتے ہوئے اردو دانی کا ثبوت دے رہے تھے۔ انہوں نے جناب عامر علی خان کو اخبار سیاست کے 75 سالہ تکمیل پر مبارکباد دی جن کے والد جناب زاہد علی خان اور جناب عابد علی خان اور جناب محبوب حسین جگر کی شبانہ روز کاوش کے بناء یہ اخبار آج ایک تحریک بن چکا ہے۔ اس کے ساتھ شہر ورنگل کی سماجی، فلاحی، اردو تنظیموں کی جانب سے جناب عامر علی خان، ڈاکٹر ونئے بھاسکر اور محترمہ رضوانہ شمیم ڈپٹی میئرگریڈ میونسپل کارپوریشن ورنگل کی گلپوشی کی گئی۔ اس پروگرام میں صوفی میوزک کے ذریعہ صوفی گلوکار عمران خان اور ہمنواؤں نے مختلف دھنوں کے ذریعہ ایک انوکھے طرز و گائیکی کے انداز سے حمد، نعت، منقبت، صوفیانہ کلام پیش کیا۔ بالخصوص مولا علی کی شان میں ان کا پیش کردہ کلام ’’علی علی مولانا علی‘‘ پسند کیا گیا۔ انہوں نے ’’بھردو جھولی‘‘ ’’دمادم مست قلندر‘‘ گاکر سماں باندھ دیا۔ ان کی آواز میں ایک جادو ہے جو اساتذہ قوال کی یاد کو تازہ کروا رہا تھا۔ مزاحیہ تمثیلی مشاعرہ شعراء کرام جنہوں نے کلام پیش کیا پسند کیا گیا۔ اس تمثیلی مشاعرہ میں جناب وحید پاشاہ قادری، ڈاکٹر معین امربمبو، جناب شبیر خان (ہری سنگھ)، جناب شبن خان، جناب فرید سحر، جناب منور علی مختصر نے مزاحیہ کلام پیش کرتے ہوئے خوب داد حاصل کی۔ بالخصوص جناب کے بی جانی، جناب شبیر خان، منور علی مختصر کے کلام کو پسند کیا گیا۔ جناب کے بی جانی جو اسٹیج پر کافی دیر تک مزاحیہ ایمٹس پیش کررہے تھے مختلف ڈانس جو شادی بیاہ اور دیگر تقاریب میں ہر اقوام میں الگ الگ نوعیت سے کیا جاتا ہے پیش کیا جسے پسند کیا گیا۔ بالخصوص مائیکل جیکسن ڈانس جسے سامعین نے بے حد پسند کیا۔ گلوکار جناب غوث حیدر جوکرو کے میوزک کے استاد ہیں جناب چشتی نے فلمی گیت پیش کئے۔ جناب عامر علی خان کی فرمائش پر جناب کے بی جانی نے ’’چائے والا‘‘ بڑے ہی خوبصورت انداز سے پیش کرکے سامعین کو محظوظ کیا۔ اس پورے پروگرام میں سامعین کے چہروں پر مسکراہٹیں اور ہنسی ہی ہنسی نظر آرہی تھی۔ داخلے کی عام اجازت تھی۔ جناب منور علی مختصر اور جناب کے بی جانی کے پروگرام کی پیشکشی کو بے حد پسند کیا گیا۔ صوفی گلوکار عمران خان اور تیمور نے بہت دیر تک صوفیانہ کلام سنایا اور مکمل آرکٹر اوڈالبی ڈیجیٹل ساؤنڈ کے ساتھ لطف لیا۔ بہترین سماجی خدمات پر جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست کے ہاتھوں یادگار مومنٹوز مسرس نصرت جہاں صدر شعبہ خواتین میناریٹی انٹلکچول فورم، عظیمہ بیگم، سرتاج بیگم، محسنہ عارفہ، نازنین بیگم، محمد عبدالقدوس، محمد حشمت، محمد نعیم الدین، محمد زبیر (زبیر بک اسٹال)، جمال شریف ایڈوکیٹ کی گلپوشی و شال پوشی کی گئی۔ اس کے ساتھ سماجی کارکن جناب باسط طاہر صدر جھنڈا کمیٹی انجمن غلامانِ اہلبیت کی جانب جناب عامر علی خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے گلپوشی کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر انیس صدیقی، صدر شانتی سنگھم، ایم اے کلیم، محمد سراج احمد سکریٹری مسلم ویلفیر سوسائٹی، محمد مسعود ٹی آر ایس لیڈر، ایم اے حفیظ، سید ولی اللہ قادری، ایم اے خلیل، خلیق الزماں، حسیب، ایم اے رحیم، پروفیسر احمد حسین خیال، تاج مضطر، حامد حسین حامد، اقبال درد، بدرالزماں، خواجہ عظیم الدین، محمد رفیق، صحافی محمد نصر اللہ خان (حیدرآباد) کے علاوہ ایم اے نعیم نامہ نگار سیاست، محمد اسماعیل ذبیح، محمد قادر پاشاہ، محمد بابر، ایم اے خالق جاوید، محمد افضل پاشاہ، خواجہ محمد حسن شریف اور محمد محی الدین (معین ایڈس)، ڈاکٹر صابر علی خان (حیدرآباد) ، حسین علی خان، ایم اے نعیم وجاہت سینئر رپورٹر حیدرآباد، محمد ریاض احمد سینئر رپورٹر سیاست ٹی وی، محمد انیس احمد، حافظ ریاض، شاہ نواز بیگ (سیاست) اور دوسروں نے حصہ لیا اور پروگرام میں شرکت کی۔ 2:30 بجے رات پروگرام کا اختتام عمل میں آیا۔