مسلم اراکین پارلیمنٹ کی تعداد بڑھانے کے طریقوں پر غور

   

ممبئی: مہاراشٹرا کی مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن نے پارلیمنٹ اور ریاستی اسمبلیوں میں مسلم کمیونٹی کی تعداد بڑھانے پر ایک جامع بحث کی۔ممبئی میں مسلم لیڈرشپ سمٹ 2024 کا انعقاد کیا گیا۔ اس دوران ملک بھر کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اس کمیٹی کی سربراہی بین الاقوامی شہرت یافتہ اسلامی اسکالر خلیل الرحمان سجاد نعمانی صاحب، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سینئر رکن اور مولوی توقیر رضا خان کریں گے ۔ایم ڈبلیو اے کے بانی سلیم سارنگ جو کہ ایک سماجی کارکن اور سیاست دان ہیں، کمیٹی کے رکن اور کنوینر ہوں گے۔
سارنگ نے کہاکہ بہت جلد ایک مکمل کمیٹی کا اعلان کیا جائے گا جو ایک تفصیلی مطالعہ کرے گی اور لوک سبھا اور راجیہ سبھا، ریاستی اسمبلیوں اور کونسلوں، مقامی حکومت، ضلع پریشد، پنچایت سمیتیاں، گرام پنچایتیں، سوسائٹیاں، بینکوں وغیرہ میں مسلمانوں کی نمائندگی بڑھانے کیلئے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی ملک بھر کا سفر کرے گی اور اراکین پارلیمنٹ، ایم ایل ایز اور قانون ساز کونسل کے اراکین، مذہبی اسکالرز، دانشوروں، ماہرین تعلیم، طلباء اور دیگر سے ملاقات کرے گی۔ اس کانفرنس میں سیاسی جماعتوں پر زور دیا گیا کہ وہ مسلمانوں کی مناسب نمائندگی کو یقینی بنائیں۔سارنگ نے کہا کہ “مجموعی طور پر، یہ کمیٹی سیاسی ریزرویشن اور مسلم کمیونٹی کے حقوق اور مطالبات کو حاصل کرنے پر توجہ مرکوز کرے گی۔’’