لندن ۔ /6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے نامور مسلم اسکالرس ، مبلغین اور علماء نے عوام کیلئے زبردست مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس کے جواب میں اپنا احتساب کریں اور اپنی زندگی کو انسانی اصولوں کے مطابق بدلیں ۔ پیام انسانیت کے زیرعنوان بیان میں ان شخصیتوں نے بنی نوع انسان سے اپیل کی کہ سنجیدگی سے ان تبدیلیوں پر غور کریں جو عالمی کووڈ۔ 19 بحران کے نتیجہ میں پیش آرہی ہیں ۔ شیخ شریف ابراہیم صالح الحسینی ، مفتی تقی عثمانی ، ڈاکٹر ذاکر نائک ، ڈاکٹر علی محمد السلابی ، شیخ سعدی السلیمان ، ڈاکٹر یاسر قاضی اور امام عمر سلیمان ان شخصیتوں میں شامل ہیں جنہوں نے مشترکہ بیان جاری کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس بحران میں قرآن و سنت کی طرف اور زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے ورنہ انسانیت کا بھلا نہیں ہوگا ۔